خون میں شوگر کم ہونے کی صورت میں فوری مدد کے لیے ماہرین نے ایک خودکار ڈیوائس تیار کی ہے۔ امریکی یونیورسٹی MIT کی تیار کردہ یہ ڈیوائس جلد کے نیچے نصب کی جاتی ہے۔ ضرورت پڑنے پر یہ فوری طور پر گلوکاگون دوا خارج کر کے شوگر کی سطح بحال کر دیتی ہے۔ یہ ڈیوائس سکے کے برابر سائز کی ہے۔ اس میں دوا پاؤڈر کی شکل میں ذخیرہ کی جاتی ہے تاکہ طویل مدت تک مؤثر رہے۔
خطرناک حد تک شوگر کم ہونے کی صورت میں یہ آلہ خودکار طریقے سے فعال ہو جاتا ہے۔ یہ وائرلیس سگنل کے ذریعے بھی دوا فراہم کرسکتا ہے۔ اس سے ہنگامی حالات میں فوری مدد ممکن ہوتی ہے۔ یہ خاص طور پر نیند کے دوران یا ایسے بچوں کے لیے فائدہ مند ہے جو خود دوا نہیں لے سکتے۔
جانوروں پر تجربات میں دوا کے 10 منٹ کے اندر شوگر کی سطح معمول پر آ گئی۔ انسانوں پر کلینیکل آزمائش آئندہ تین سال میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ تحقیق نیچر بائیومیڈیکل انجینئرنگ میں شائع ہوئی ہے۔