سیب کے حوالے سے ایک انگریزی کہاوت مشہور ہے کہ An apple a day keeps the doctor away۔ اکثر لوگ اس کا اردو ترجمہ یہ کرتے ہیں کہ روزانہ ایک سیب کھانے سے وہ بیماریوں سے بچے رہیں گے یا یوں کہہ لیں کہ روزانہ ایک سیب کھانا انسان کو ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے۔ پھر چاپے وہ تازہ ہو یا نہیں، اس بات سے فرق نہیں پڑتا۔ مگر کیا یہ بات درست ہے؟ آئیے جانتے ہیں۔
ماہرین غذائیات کے مطابق یہ درست ہے کہ سیب میں مختلف وٹامنز اور آئرن کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ یہ تمام اجزاء اچھی صحت کے لیے اشد ضروری ہیں۔ ان کی کمی سے کئی طرح کی بیماریاں ہو سکتی ہیں۔ تاہم بیماریوں کے کئی اور اسباب بھی ہیں۔ یوں یہ کہنا درست نہیں کہ روزانہ ایک سیب کھانے سے انسان کبھی بیمار نہیں ہوتا۔ اسی طرح یہ بھی نہیں کہہ سکتے کہ اسے کھانے سے کبھی ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
اس کہاوت کا محاورتاً مطلب یہ ہے کہ صحت بخش غذا کے استعمال کو معمول بنانے سے غذائیت کی کمی اور نتیجتاً بیماریوں کے امکانات نسبتاً کم ہو جاتے ہیں۔ یہ بات صرف سیب ہی نہیں تمام پھلوں کے لیے درست ہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ موسمی پھلوں کا استعمال کیا جائے کیونکہ غذائیت کے اعتبار سے وہ زیادہ مفید ہوتے ہیں۔ مثلاً اگر تازہ پھل کھایا جائے تو وہ صحت کے لیے مفید ہوگا۔ اگر وہی پھل سٹور کیا گیا ہو تو اس کی غذائیت کم ہو سکتی ہے۔