Vinkmag ad

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن: عمر بڑھنے کےساتھ مرکزی نظر کی کمزوری

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن: عمر بڑھنے کےساتھ مرکزی نظر کی کمزوری- شفا نیوز

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن: عمر بڑھنے کےساتھ مرکزی نظر کی کمزوری- شفا نیوز

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن (Dry macular degeneration) مرکزی نظر کی کمزوری ہے۔ یہ نظر کے دھندلے پن کا باعث بنتی ہے اور بصارت کے اس حصے کو متاثر کرتی ہے جس سے ہم بالکل سامنے کی چیزیں دیکھتے ہیں۔

ریٹنا آنکھ کی پچھلی دیوار پر ایک باریک پردہ ہے جو روشنی کو محسوس کرتا اور دماغ کو سگنل بھیجتا ہے۔ پردہ چشم کا بیچ والا حصہ میکیولا (macula) کہلاتا ہے۔۔ یہ آنکھ کو صاف اور تفصیل سے دیکھنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔ اس کی مدد سے ہم پڑھتے اور چہرے پہچانتے ہیں۔ ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن میکیولا  کے خراب ہونے کی وجہ سے ہوتی ہے۔ یہ مرض عام طور پر 50 سال سے زائد عمر کے لوگوں میں پایا جاتا ہے۔ 

یہ بیماری بالعموم پہلے ایک آنکھ میں شروع ہوتی ہے، پھر دوسری آنکھ کو متاثر کر سکتی ہے۔ تاہم دونوں آنکھوں میں ایک ہی وقت میں بھی ہو سکتی ہے۔ وقت کے ساتھ، نظر مزید کمزور ہوتی جاتی ہے۔ اس سے کچھ کام مثلاً پڑھنا، ڈرائیونگ کرنا اور چہرے پہچاننا وغیرہ متاثر ہوتے ہیں۔ اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ اپنی پوری نظر کھو دیں گے۔

اس مرض میں اطراف کی نظر برقرار رہتی ہے۔ بعض افراد میں مرکزی نظر کا نقصان کم جبکہ بعض میں زیادہ شدید ہوتا ہے۔ جلد تشخیص اور سیلف کیئر کے طریقے اسے کم کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن کو "ڈرائی” کہنے کی وجہ یہ ہے کہ میکیولا میں نہ خون رسنے کا عمل ہوتا ہے اور نہ ہی رطوبت جمع ہوتی ہے۔ اس بیماری میں نظر آہستہ آہستہ کمزور ہوتی ہے کیونکہ بیماری بہت سست رفتاری سے بڑھتی ہے۔ اس کے برعکس گیلے (wet) یعنی ویٹ میکیولر ڈیجنریشن میں خون کی نئی نالیاں بن جاتی ہیں جو رطوبت یا خون لیک کرتی ہیں۔ اس میں نظر کا نقصان آہستہ آہستہ نہیں بلکہ تیزی سے ہوتا ہے۔ اسی فرق کی وجہ سے ان دونوں اقسام کو ”ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن” اور ”ویٹ میکیولر ڈیجنریشن” کہا جاتا ہے۔

علامات

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن کی علامات عام طور پر آہستہ آہستہ اور بغیر درد کے ظاہر ہوتی ہیں۔ ان میں یہ شامل ہیں:

* نظر کا بگاڑ، جیسے سیدھی لکیریں ٹیڑھی لگنا

* ایک یا دونوں آنکھوں کی مرکزی نظر میں کمی

* پڑھنے یا قریب کے کام کرنے کے لیے زیادہ روشنی کی ضرورت ہونا

* کم روشنی والی جگہوں، مثلاً ریستوران یا تھیٹر میں داخل ہوتے وقت ایڈجسٹ ہونے میں زیادہ مشکل محسوس ہونا 

* پرنٹ شدہ الفاظ دھندلے دکھائی دینا

* چہروں کو پہچاننے میں مشکل پیش آنا

* نظر کے میدان (Field of Vision) میں ایک واضح دھندلا یا بلائنڈ سپاٹ ہونا

نظر کا میدان  وہ تمام علاقہ ہے جو آپ اپنی آنکھوں سے دیکھ سکتے ہیں۔ اس میں سامنے کی، دائیں، بائیں، اوپر اور نیچے کی تمام بصارت شامل ہے۔ بلائنڈ سپاٹ ریٹینا میں ایک ایسا حصہ ہے جہاں بصارت کو وصول کرنے والے خلیے موجود نہیں ہوتے۔ اس وجہ سے وہاں سے نکلنے والا اعصابی سگنل دماغ تک نہیں پہنچ پاتا۔ اس سے نظر کے میدان میں ایک چھوٹا سا علاقہ ایسا ہوتا ہے جہاں بصارت موجود نہیں ہوتی۔ عام طور پر، دماغ اس کمی کو پورا کر لیتا ہے، اس لیے ہمیں اس کا شعور نہیں ہوتا۔​

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن ایک یا دونوں آنکھوں کی بصارت کو متاثر کر سکتا ہے۔ اگر صرف ایک آنکھ متاثر ہو تو آپ نظر میں تبدیلی  محسوس نہیں کر سکتے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ تندرست آنکھ اس کمی کور کر لیتی ہے۔ یہ حالت سائیڈ کی نظر کو متاثر نہیں کرتی، اس لیے یہ مکمل نابینا پن کا سبب نہیں بنتی۔

اگر ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن کی حالت میں تبدیلی آ جائے اور یہ ویٹ میکیولر ڈیجنریشن میں بدل جائے تو نظر میں تیزی سے تبدیلیاں آتی ہیں۔ اس سے بصارت کی اچانک اور شدید کمی واقع ہو سکتی ہے۔​

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اگر آپ کو بصارت درج ذیل تبدیلیاں محسوس ہوں تو ماہر امراض چشم (Ophthalmologist) سے ملیں:

* مرکزی (سامنے کی)  نظر میں تبدیلی آنا، جیسے نظر میں بگاڑ آنا یا بلائینڈ سپاٹ دکھائی دینا

* باریک بینی کی صلاحیت کھو دینا۔ اس کے نتیجے میں فرد کو روزمرہ کے کاموں مثلاً پڑھنے، ڈرائیونگ کرنے یا چہرے پہچاننے میں مشکل ہو سکتی ہے۔ 

یہ تبدیلیاں میکیولر ڈگریڈیشن کی پہلی علامت ہو سکتی ہیں، خصوصاً اگر یہ 60 سال یا اس سے زائد عمرمیں ظاہر ہوں۔

وجوہات

حتمی طور پر کوئی نہیں جانتا کہ اس مرض کی بنیادی وجہ کیا ہے۔ تاہم محققین کا خیال ہے کہ اس کا تعلق موروثیت اور کچھ دیگر عوامل مثلاً سگریٹ نوشی، موٹاپے، اور خوراک کے ساتھ ہو سکتا ہے۔ 

خطرے کے عوامل

میکیولر ڈیجنریشن کا خطرہ بڑھانے والے عوامل یہ ہیں:

عمر: یہ بیماری زیادہ تر 50 سال سے زائد عمر کے لوگوں میں ہوتی ہے

فیملی ہسٹری: محققین نے کچھ ایسے جینز کی نشاندہی کی ہے جن کا تعلق اس مرض سے ہے

نسل: میکیولر ڈیجنریشن سفید فام لوگوں میں زیادہ عام ہے

سگریٹ نوشی: سگریٹ نوشی یا اس کے ماحول میں رہنا اس کا خطرہ بڑھا دیتا ہے

موٹاپا: موٹاپا اس بیماری کے ابتدائی یا درمیانی مرحلے کو سنگین صورت میں بدلنے کے امکانات میں اضافے کا سبب بنتا ہے 

دل کی بیماری: امراض قلب یا خون کی نالیوں کی بیماری کے شکار لوگوں میں اس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے

پیچیدگیاں 

جن لوگوں میں یہ بیماری مرکزی نظر کی کمی تک بڑھ چکی ہو، وہ ڈپریشن اور احساس تنہائی کے زیادہ خطرے میں ہوتے ہیں۔  نظر کی شدید کمی بعض افراد میں فریب نظر(hallucination) کا بھی سبب بنتی ہے۔ اس حالت کو چارلس بونٹ سنڈروم (Charles Bonnet syndrome) کہا جاتا ہے۔ ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن ویٹ میکیولر ڈیجنریشن میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ اگر اس کا علاج نہ کیا جائے تو یہ بینائی جانے کا سبب بن سکتی ہے۔

احتیاطی تدابیر 

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن کی علامات کو جلد پہچاننے کے لیے معمول کے مطابق آنکھوں کا معائنہ کرانا ضروری ہے۔ زیر نظر اقدامات اس کا خطرہ کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں:

اپنی صحت کا خیال رکھیں: اگردل کی بیماری یا ہائی بلڈ پریشر ہے تو باقاعدگی سے دوا لیں اور دیگر ہدایات پر عمل کریں

سگریٹ نوشی نہ کریں: اگر سگریٹ چھوڑنے میں دقت ہو تو کسی ماہر صحت سے مدد لیں۔

وزن کنٹرول کریں: اس کے لیے اپنی کیلوریز کم کریں اور روزانہ ورزش کی عادت اپنائیں۔

پھل اور سبزیاں استعمال کریں: ان غذاؤں میں اینٹی آکسیڈنٹ وٹامنز موجود ہوتے ہیں جو میکیولر ڈیجنریشن کے خطرے کو کم کرتے ہیں

غذا میں مچھلی شامل کریں: مچھلی میں موجود اومیگا-3 فیٹی ایسڈز میکیولر ڈیجنریشن کا خطرہ کم کرتے ہیں۔ یہ فیٹی ایسڈز اخروٹ میں بھی ہوتے ہیں۔

تشخیص

ماہر امراض چشم میڈیکل اور فیملی ہسٹری کا جائزہ لیتے ہیں اور آنکھوں کا معائنہ کرتے ہیں۔ دوسرے ٹیسٹ بھی کیے جا سکتے ہیں، جن میں یہ شامل ہیں:

آنکھ کے پچھلے حصے کا معائنہ

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن: عمر بڑھنے کےساتھ مرکزی نظر کی کمزوری- شفا نیوز

آنکھوں میں قطرے ڈالنے کے بعد ایک خاص آلے کی مدد سے اس کے پچھلے حصے کا معائنہ کیا جاتا ہے۔ ​ڈاکٹر ریٹنا کے نیچے زرد رنگ کے جمع شدہ مادوں کی جانچ کرتا ہے۔ انہیں ڈروسن (drusen) کہتے ہیں۔ یہ نظر میں دھندلے پن کا باعث بنتے ہیں۔ میکیولر ڈیجنریشن میں مبتلا افراد میں عام طور پر ڈروسن کی تعداد زیادہ ہوتی ہے۔​

وژن فیلڈ کا جائزہ 

ایمسلر گرڈ (Amsler grid) ایک چوکور جال ہوتا ہے جس میں افقی اور عمودی لکیریں برابر فاصلے پر ہوتی ہیں۔ درمیان میں ایک سیاہ نقطہ ہوتا ہے۔ مریض اس گرڈ کو دیکھتے ہوئے اپنی نظر اس مرکز پر رکھتے ہیں۔ اگر تمام لکیریں سیدھی اور مرکز کا نقطہ صاف نظر آئے، تو نظر ٹھیک ہوتی ہے۔ لیکن اگر لکیریں ٹیڑھی، دھندلی یا غائب لگیں، یا نقطہ نظر نہ آئے، تو یہ میکیولر ڈیجنریشن کی علامت ہو سکتی ہے۔

فلوروسین انجیوگرافی

یہ ایک ٹیسٹ ہے جس میں بازو کی رگ میں فلوروسین (چمکدار رنگ دار مادہ) داخل کیا جاتا ہے۔ یہ مادہ آنکھ کی خون کی نالیوں تک پہنچتا ہے اور انہیں نمایاں کر دیتا ہے۔ ایک خاص کیمرا اس دوران تصویریں لیتا ہے، جو ریٹینا یا خون کی نالیوں میں کسی بھی تبدیلی کو ظاہر کرتی ہیں۔

انڈو سائیانین گرین انجیوگرافی

فلوروسین انجیوگرافی کی طرح یہ ٹیسٹ بھی رنگین مادے کے استعمال سے کیا جاتا ہے۔ اسے فلوروسین انجیوگرام کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے تاکہ میکیولر ڈیجنریشن کی مخصوص اقسام کو شناخت کیا جا سکے۔

آپٹیکل کوہیرنس ٹوموگرافی

آپٹیکل کوہیرنس ٹوموگرافی (او سی ٹی) ایک ٹیسٹ ہے جو یہ جانچتا ہے کہ ریٹینا کہاں پتلی یا موٹی ہے۔ یہ تبدیلی اکثر اس وقت ہوتی ہے جب ریٹینا یا اس کے نیچے موجود خون کی نالیوں سے سیال مادہ رسنے لگتا ہے۔

علاج

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن سے ہونے والے نقصان کو ریورس کرنے کا فی الحال کوئی طریقہ نہیں۔ تاہم، اس پر بہت سے کلینکل ٹرائلز جاری ہیں۔ اگر بیماری کی تشخیص جلد ہو جائے تو آپ اسے تیزی سے بڑھنے سے روک سکتے ہیں۔ اس ضمن میں وٹامنز کے سپلیمنٹس، صحت بخش خوراک، اور سگریٹ نوشی سے پرہیز معاون ہوتے ہیں۔ ان کی تفصیل یہ ہے:

وٹامنز کے سپلیمنٹس

اگر بیماری درمیانے یا زیادہ شدید مرحلے میں ہو تو خاص قسم کے اینٹی آکسیڈنٹ وٹامنز اور منرل فارمولا استعمال کر کے بینائی چلی جانے کے خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ایج ریلیٹڈ آئی ڈیزیز سٹڈی 2 (اے آر ای ڈیز ایس 2) کی تحقیق میں ایک فارمولے کے فوائد سامنے آئے ہیں۔ اس میں یہ چیزیں شامل ہیں:

* وٹامن سی 500 ملی گرام

* وٹامن ای 400 آئی یوز

* لیوٹین (lutein) 10 ملی گرام 

٭ زیا زینتهن (zeaxanthin) 2 ملی گرام 

* زنک بطور زنک آکسائیڈ 80 ملی گرام

* کاپر بطور کیپریک آکسائیڈ 2 ملی گرام

ابھی تک یہ ثابت نہیں ہوا کہ یہ سپلیمنٹس بیماری کی شروعات میں بھی فائدہ دیتے ہیں یا نہیں۔ اس لیے ہر حالت میں آنکھوں کے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔

کمزور نظر کی بحالی

ایج ریلیٹڈ میکیولر ڈیجنریشن بالعموم مکمل نابیناپن کا سبب نہیں بنتی۔ تاہم یہ مرکزی نظر کو کم یا ختم کر سکتی ہے جو پڑھنے، گاڑی چلانے اور چہرے پہچاننے کے لیے ضروری ہے۔ اس سلسلے میں ماہر امراض چشم، کمزور نظرکی بحالی کے ماہر اور آکوپیشنل تھیراپسٹ آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔

ٹیلی سکوپک لینز 

جن افراد کو دونوں آنکھوں میں ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن کا شدید مسئلہ ہو، ان کی نظر کو بہتر بنانے کا ایک طریقہ ٹیلی سکوپک لینز ہے۔ یہ ایک چھوٹی پلاسٹک ٹیوب کی مانند ہے جس میں ایسے لینز نصب ہوتے ہیں جو وژن فیلڈ کو وسیع کرتے ہیں۔ یہ لینز دور اور قریب کی نظر، دونوں کو بہتر بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم ان کا نظر کا دائرہ محدود ہوتا ہے۔ یہ سٹریٹ سائنز دیکھنے میں مؤثر مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ 

طرز زندگی اور گھریلو علاج

اگرچہ ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن کی تشخیص کے بعد مکمل طور پر نظر کی حفاظت کرنا ممکن نہیں، لیکن کچھ اقدامات نظر کی کمزوری کو سست ضرور کر سکتے ہیں:

٭ اگر آپ سگریٹ پیتے ہیں تو اسے ترک کر دیں 

٭ صحت مند غذا منتخب کریں۔ پھلوں اور سبزیوں میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ وٹامنز آنکھوں کی صحت کے لیے مفید ہیں۔ کیل، پالک، بروکلی، کدو اور دیگر سبزیاں لوٹین اور زیازینتهن جیسے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہیں۔ اس لیے یہ ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن کے شکار افراد کے لیے فائدہ مند ہو سکتی ہیں

٭ زنک کا زیادہ استعمال بھی میکیولر ڈیجنریشن کے مریضوں کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔ گوشت (بیف، بھیڑ کا گوشت)، دودھ، پنیر، دہی، ہول سیریل ارو ہول ویٹ کی روٹی اس کے ذرائع ہیں

٭ اومیگا-3 فیٹی ایسڈز کی حامل غذاؤں کا زیادہ استعمال عمر کے ساتھ وابستہ میکیولر ڈیجنریشن کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔ زیتون کا تیل اچھا انتخاب ہے۔ سالم، ٹونا مچھلی بھی اس میں مفید ہیں، تاہم مچھلی کے تیل کی گولیوں سے یہ فائدہ نہیں ہوتا۔

٭ اگر آپ کو دل کی بیماری یا ہائی بلڈ پریشر ہے تو  ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق دوا لیں اور بیماری کو قابو میں رکھنے کے دیگر طریقوں پر عمل کریں

٭ صحت مند وزن برقرار رکھیں۔ اس کے لیے کیلوریز کم کریں اور روزانہ ورزش کریں

٭ آنکھوں کے معمول کے معائنے کرائیں۔ اپنے ماہر چشم سے فالو اپ معائنے کے لیے مقررہ شیڈول کے بارے میں پوچھیں۔ معائنوں کے درمیان، آپ ایمسلر گرڈ کی مدد سے اپنی نظر کا خود بھی جائزہ لے سکتے ہیں۔ ان سے آپ کو یہ جاننے میں مدد مل سکتی ہے کہ کیا آپ کی حالت ویٹ میکیولر ڈیجنریشن میں تو تبدیل نہیں ہو رہی؟ اس کا ادویات سے علاج ممکن ہے۔

مرض کا مقابلہ اور سپورٹ

یہ اقدامات آپ کو اپنی کمزور ہوتی نظر سے نپٹنے میں مدد کر سکتی ہیں:

اپنی عینک چیک کریں

اگر آپ کانٹیکٹ لینز یا عینک استعمال کرتے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ کا نسخہ درست ہے۔ اگر نئی عینک سے فائدہ نہ ہو تو ڈاکٹر سسے مشورہ کریں۔

میگنی فائر استعمال کریں

مختلف قسم کے مگنی فائنگ آلات پڑھنے اور دیگر قریبی کاموں، جیسے سلائی وغیرہ میں مدد دے سکتے ہیں۔ ان میں ہاتھ سے پکڑنے والے میگنی فائنگ لینز یا وہ لینز شامل ہیں جو آپ چشمے کی طرح پہن سکتے ہیں۔

کمپیوٹر سکرین کو تبدیل کریں

اپنے کمپیوٹر کی سیٹنگز میں فونٹ سائز کو ایڈجسٹ کریں اور مانیٹر کو زیادہ کانٹراسٹ دکھانے کے لیے سیٹ کریں۔ آپ اپنی کمپیوٹر میں سپیک آؤٹ سسٹم یا دیگر ٹیکنالوجیز بھی شامل کر سکتے ہیں۔

پڑھنے کے آلات اور آواز کے انٹرفیس استعمال کریں

بڑے پرنٹ والی کتابیں، ٹیبلیٹ کمپیوٹرز اور آڈیو بکس استعمال کریں۔ کچھ ٹیبلیٹ اور سمارٹ فون ایپس خاص طور پر کم نظر رکھنے والے افراد کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں۔ ان میں سے بہت سے آلات اب وائس ریکگنیشن فیچرز کے ساتھ آتے ہیں۔

خصوصی آلات کا انتخاب کریں

کچھ گھڑیاں، ریڈیو، فون اور دیگر آلات میں اضافی بڑے نمبر ہوتے ہیں۔ آپ کے لیے بڑے اور ہائی ڈیفینیشن سکرین والا ٹی وی دیکھنا آسان ہو سکتا ہے۔ بصورت دیگر آپ سکرین کے قریب بیٹھنے کو ترجیح دیں۔

گھر کی لائٹیں بہتر کریں

بہتر روشنی پڑھنے اور دیگر روزمرہ کے کاموں میں مدد دیتی ہے اور گرنے کے خطرے کو کم کر سکتی ہے۔

سواری پر نظرثانی کریں 

اگر آپ ڈرائیونگ کرتے ہیں تو اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں کہ یہ جاری رکھنا محفوظ ہے یا نہیں۔ خاص طور پر رات کے وقت یا خراب موسم میں ڈرائیونگ سے احتیاط کریں۔ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں یا اپنی فیملی یا فرینڈز سے مدد لیں۔ لوکل وین، شٹل سروس یا ٹیکسی وغیرہ استعمال کریں۔

سپورٹ حاصل کریں

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن کے ساتھ جینا مشکل ہو سکتا ہے۔ آپ کو اپنی زندگی میں تبدیلیاں کرنے کی ضرورت ہو سکتی ہے۔ آپ کو ایڈجسٹ ہونے کے دوران مختلف جذبات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ کسی کاؤنسلر سے بات کرنے یا سپورٹ گروپ میں شامل ہونے پر غور کریں۔ اپنی فیملی یا دوستوں کے ساتھ وقت گزاریں۔

طبی معائنے کے لیے تیاری

ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن: عمر بڑھنے کےساتھ مرکزی نظر کی کمزوری- شفا نیوز

آپ کو میکیولر ڈیجنریشن چیک کرنے کے لیے آنکھوں کا مکمل معائنہ کرانا ہوگا۔ آنکھوں کے ماہر ڈاکٹر (آپتھلمالوجسٹ) سے آنکھوں کے مکمل معائنے کے لیے وقت لیں۔

ملاقات سے پہلے

* وقت لیتے وقت پوچھیں کہ کیا آپ کو تیاری کے لیے کچھ کرنا ہے

* ان تمام علامات کی فہرست بنائیں جو آپ محسوس کر رہے ہیں، یہاں تک کہ وہ بھی جو آپ کے نظر کے مسئلے سے براہ راست متعلق نہ بھی لگیں

* ان تمام دواؤں ، وٹامنز اور سپلیمنٹس کی فہرست بنائیں جو آپ لیتے ہیں، اور ان کی مقدار بھی نوٹ کرین

* کسی فیملی ممبر یا دوست کو اپنے ساتھ لے جائیں۔ آنکھوں کے معائنے کے دوران آپ کی پتلیوں کو پھیلایا جائے گا۔ اس سے کچھ دیر کے لیے آپ کی نظر متاثر ہوگی، لہٰذا آپ کو کسی کے ساتھ یا گاڑی چلانے کے لیے کسی کی مدد کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

* اپنے آنکھوں کے ڈاکٹر سے پوچھنے والے سوالات کی فہرست بنائیں۔

ڈاکٹر سے سوالات

* کیا مجھے ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن ہے یا ویٹ ڈرائی میکیولر ڈیجنریشن؟

* میری میکیولر ڈیجنریشن کتنی بڑھ چکی ہے؟

* کیا میرے لیے گاڑی چلانا محفوظ ہے؟

* کیا میری نظر مزید کمزور ہو گی؟

* کیا میری حالت کا علاج ممکن ہے؟

*کیا وٹامن یا منرل سپلیمنٹ لینے سے نظر کے مزید نقصان سے بچا جا سکتا ہے؟

* اپنی نظر میں کسی تبدیلی کو مانیٹر کرنے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟

* کن علامات میں تبدیلی پر میں آپ سے رابطہ کروں؟

* کمزور نظر کی صورت میں کون سے آلات میرے لیے مفید ہو سکتے ہیں؟

* اپنی نظر کی دیکھ بھال کے لیے مجھے طرزِ زندگی میں کیا تبدیلیاں لانی چاہئیں؟

ڈاکٹر کے متوقع سوالات

ماہر امراض چشم آپ سے یہ سولات پوچھ سکتا ہے:

* آپ کو پہلی بار اپنی نظر کا مسئلہ کب محسوس کیا؟

* کیا یہ حالت ایک آنکھ کو متاثر کر رہی ہے یا دونوں کو؟

* کیا آپ کو قریب کی چیزیں دیکھنے میں مشکل ہوتی ہے، دور کی چیزوں میں یا دونوں میں؟

* کیا آپ سگریٹ پیتے ہیں یا پہلے پیتے تھے؟ اگر ہاں تو ایک دن میں کتنے؟

* آپ کس قسم کے کھانے کھاتے ہیں؟

* کیا آپ کو دیگر طبی مسائل مثلاً کولیسٹرول کی زیادتی، ہائی بلڈ پریشر، یا ذیابیطس بھی ہیں؟

* کیا آپ کی فیملی میں میکیولر ڈیجنریشن کی ہسٹری ہے؟

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

اعضاء کی قلت: پاکستان میں روز 15 مریض جان سے جاتے ہیں

Read Next

بچوں کی نیند کے دوران گدے سے نقصان دہ کیمیکلز خارج ہوتے ہیں، تحقیق

Leave a Reply

Most Popular