Vinkmag ad

ایڈہیسِو کیپسولائٹس: فروزن شولڈر کیا ہے؟

ایڈہیسِو کیپسولائٹس: فروزن شولڈرکیا ہے - شفا نیوز

فروزن شولڈر کو ایڈیسیو کیپسولائٹس (adhesive capsulitis) بھی کہا جاتا ہے۔ اس کی وجہ سے کندھے کا جوڑ اکڑ جاتا ہے اور اس میں درد بھی ہوتا ہے۔ اس کی علامات شروع ہونے کے بعد بالعموم آہستہ آہستہ شدت اختیار کرتی ہیں۔ عموماً ایک سے تین سالوں میں یہ خود ہی ٹھیک ہو جاتا ہے۔ یہ مرض عام طور پر دوبارہ اسی کندھے میں نہیں ہوتا، تاہم بعض افراد میں پانچ سال کے اندر دوسرے کندھے میں ہو سکتا ہے۔

علامات

فروزن شولڈر عام طور پر تین مراحل میں آہستہ آہستہ بڑھتا ہے۔

فریزنگ کا مرحلہ  

کندھے کو حرکت دینے سے شدید درد ہوتا ہے۔ اس کی حرکت کرنے کی صلاحیت محدود ہو جاتی ہے۔ یہ مرحلہ 2 سے 9 ماہ تک جاری رہ سکتا ہے۔ کچھ لوگوں میں درد رات کے وقت شدت اختیار کر لیتا ہے، جس سے نیند متاثر ہو سکتی ہے۔

کندها اکڑ جانا

اس مرحلے میں درد کم ہو سکتا ہے، تاہم اس کی سختی بڑھ جاتی ہے۔ اس سے اس کی حرکت مزید مشکل ہو جاتی ہے۔ یہ مرحلہ 4 سے 12 ماہ تک جاری رہ سکتا ہے۔

بہتری کا مرحلہ

کندھے کی حرکت بہتر ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ یہ مرحلہ 5 سے 24 ماہ تک چلتا ہے۔ 

وجوہات

کندھے کا جوڑ کنیکٹو ٹشو کی ایک جھلی (کیپسول) میں بند ہوتا ہے۔ کنیکٹو ٹشو جسم کے مختلف حصوں کو جوڑنے، سہارا دینے اور مستحکم رکھنے کا کام کرتا ہے۔ جب جھلی موٹی اور سخت ہو جاتی ہے تو کندھے کی حرکت محدود ہو جاتی ہے۔ ابھی تک یہ یہ حتمی طور پر واضح نہیں کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔ تاہم کندھے کو زیادہ عرصے تک بے حرکت رکھنے کے بعد اس کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ بازو ٹوٹنے یا سرجری کے بعد ایسا کرنا پڑ جاتا ہے۔

خطرے کے عوامل

  

کچھ عوامل فروزن شولڈر کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔ ان میں یہ شامل ہیں:

عمر اور جنس

40 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگ، خاص طور پر خواتین اس کا زیادہ شکار ہوتی ہیں۔

حرکت میں کمی یا معذوری

فروزن شولڈر کا خطرہ ان لوگوں کو زیادہ ہوتا ہے جنہیں کچھ عرصے تک کندھا ساکت رکھنا پڑا ہو۔ ایسا کرنے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ جیسے:

٭ کندھے کے گھومنے والے پٹھوں کی چوٹ

٭ بازو کا فریکچر

٭ فالج

٭ سرجری کے بعد بحالی (اس عرصے میں کندھے کو زیادہ حرکت نہیں دی جاتی تاکہ زخم بھر سکے)

جسمانی بیماریاں

کچھ بیماریاں فروزن شولڈر کے خطرے کو بڑھا سکتی ہیں۔ ان میں شامل ہیں:

٭ ذیابیطس

٭ ہائپر تھائیرائیڈ ازم (تھائیرائیڈ غدود کا زیادہ فعال ہونا)

٭ ہائپو تھائیرائیڈ ازم ( تھائیرائڈ غدود کا کم فعال ہونا)

٭ دل کے امراض

٭ پارکنسنز کی بیماری

فروزن شولڈر کی سب سے عام وجہ کندھے کو زیادہ دیر تک حرکت نہ دینا ہے۔ ایسا عام طور پر کندھے کی چوٹ، بازو کی ہڈی ٹوٹنے یا فالج کے نتیجے میں ہو سکتا ہے۔ اگر کسی چوٹ کی وجہ سے کندھے کو حرکت دینا مشکل ہو تو بلا تاخیر ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔ وہ ایسی ورزشیں تجویز کر سکتا ہے جو کندھے کے جوڑ کی حرکت برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوں۔

تشخیص

طبی معائنے میں معالج  آپ سے مخصوص انداز میں بازو کو حرکت دینے کے لیے کہے گا۔ اس کا مقصد درد کی شدت اور بازو کی حرکت کی حد معلوم کرنا ہوتا ہے۔ اسے ایکٹو رینج آف موشن (فعال حد حرکت) کہتے ہیں۔ پھر پٹھوں کو آرام دینے کے لیے کہا جاتا ہے۔ اس کے بعد معالج مریض کے بازو کو خود حرکت دیتا ہے۔ اسے پیسیو رینج آف موشن (فعال حد حرکت) کہا جاتا ہے۔ فروزن شولڈر سے دونوں رینجز آف موشن متاثر ہوتے ہیں

یہ بیماری عام طور پر علامات اور جسمانی معائنے سے تشخیص کی جاتی ہے۔ تاہم، دیگر مسائل کو خارج از امکان قرار دینے کے لیے ایکس رے، الٹرا ساؤنڈ یا ایم آر آئی کیا جا سکتا ہے۔ 

علاج

ایڈہیسِو کیپسولائٹس: فروزن شولڈرکیا ہے - شفا نیوز

فروزن شولڈر کا علاج زیادہ تر درد کم کرنے اور کندھے کی حرکت بحال کرنے پر مرکوز ہوتا ہے۔ اس میں یہ طریقے استعمال ہوتے ہیں:

دوا

کچھ پین کلرز فروزن شولڈر کی وجہ سے  درد اور سوزش کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ ڈاکٹر بعض اوقات درد اور سوزش کم کرنے والی زیادہ طاقتور دوائیں بھی تجویز کر سکتا ہے۔

تھیراپی

فزیو تھراپسٹ کندھے کی حرکت بہتر بنانے والی ورزشیں کراتا ہے۔ یہ ورزشیں کندھے کی لچک اور حرکت بڑھانے میں مدد دیتی ہیں۔ بہتر نتائج کے لیے انہیں باقاعدگی اور مکمل توجہ کے ساتھ کرنا ضروری ہے۔

سرجری اور دیگر پروسیجرز

زیادہ تر فروزن شولڈر 12 سے 18 مہینوں میں خود بخود ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ شدید یا مستقل علامات کی صورت میں دیگر علاج بھی کیے جاتے ہیں۔ ان میں سے کچھ یہ ہیں:

سٹیرائیڈ انجیکشن

 کندھے کے جوڑ میں لگانے والے انجیکشن سے درد کم ہوتا ہے، اور اس کی حرکت بھی بہتر ہوتی ہے۔ اگر یہ فروزن شولڈر کا مسئلہ شروع ہونے پر لگایا جائے تو بہتر نتائج سامنے آتے ہیں۔ 

جراثیم سے پاک پانی کا انجیکشن 

جوڑ کی جھلی میں جراثیم سے پاک پانی کا انجیکشن لگایا جاتا ہے۔ اس سے ٹشو پھیل جاتا ہے اور جوڑ کی حرکت آسان ہو جاتی ہے۔ یہ علاج بعض اوقات سٹیرائیڈ انجیکشن کے ساتھ کیا جاتا ہے۔۔

کندھے کے جوڑ کو ہلانا 

اس عمل میں جنرل انستھیزیا دیا جاتا ہے۔ اس سے مریض بے ہوش ہو جاتا ہے اور درد محسوس نہیں ہوتا۔ پھر معالج کندھے کے جوڑ کو مختلف سمتوں میں حرکت دیتا ہے تاکہ سخت ٹشو کو ڈھیلا کیا جا سکے۔

سرجری

فروزن شولڈر کے لیے سرجری کم ہی کی جاتی ہے۔ تاہم دیگر علاج کارگر نہ ہوں تو اس کی نوبت آ سکتی ہے۔ اس میں جوڑ کے اندر سے سخت ٹشو کو نکالا جاتا ہے۔ عام طور پر، یہ سرجری چھوٹے آلات اور کیمرے کی مدد سے کی جاتی ہے۔ اسے آرتھرو سکوپی کہتے ہیں۔ 

طرز زندگی اور متبادل علاج 

درد اور حرکت کی حد کو مدنظر رکھتے ہوئے، کندھے اور بازو کو جتنا ممکن ہو استعمال کریں۔ درد کم کرنے کے لیے کندھے پر گرم یا ٹھنڈی ٹکور کریں۔

آکوپنکچر

آکو  پنکچر ایک متبادل علاج ہے۔ اس میں نہایت باریک اور لچکدار سوئیاں جسم کے مخصوص مقامات پر صرف جلد میں داخل کی جاتی ہیں۔ انہیں زیادہ گہرائی تک منتقل نہیں کیا جاتا۔ عام طور پر یہ 15 سے 40 منٹ تک لگی رہتی ہیں۔ زیادہ تر افراد کو اس میں درد نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔

نرو سٹیمولیشن

ٹرانسکیو ٹینیئس الیکٹریکل نرو سٹیمولیشن ( ٹی ای این ایس) یونٹ کی مدد سے مخصوص اعصابی راستوں پر ہلکا کرنٹ بھیجا جاتا ہے۔ حتمی طور یہ کہنا مشکل ہے کہ وہ کیسے معاون ثابت ہوا ہے۔ تاہم امکان یہ ہے کہ اس سے درد کم کرنے والے کیمیکلز (اینڈورفنز) خارج ہوتے ہیں یا اس سے درد کا پیغام پہنچانے والے اعصابی سگنلز کو بلاک کیا جاتا ہے۔ 

طبی معائنے کے لیے تیاری

فروزن شولڈر کی صورت میں اپنے ڈاکٹر سے ملیں۔ آپ کو ماہر امراض ہڈی و جوڑ (آرتھو پیڈک سرجن) کے پاس بھی بھیجا جا سکتا ہے۔ ملاقات سے پہلے، ان باتوں کی وضاحت کے لیے تیار رہیں:

٭ اس بات کی مکمل وضاحت کہ یہ معاملہ کب شروع ہوا 

٭ حالیہ اور گزشتہ طبی مسائل کی معلومات

٭ والدین یا بہن بھائیوں کے طبی مسائل کی معلومات

٭ آپ جو ادویات اور غذائی سپلیمنٹس لے رہے ہیں، ان کے نام اور ڈوز

ڈاکٹر کے متوقع سوالات

ان سوالات کے جوابات کے لیے تیار رہیں:

٭ کیا چیز آپ کی علامات کو مزید بڑھاتی ہے؟

٭ کیا آپ کے کندھوں کو کبھی چوٹ لگی ہے؟ اگر ہاں تو کس طرح؟

 ٭ کیا آپ کو ذیابیطس ہے؟

٭ کیا آپ کی حال ہی میں کوئی سرجری ہوئی ہے یا آپ کو کچھ وقت کے لیے کندھا ایک ہی جگہ رکھنا پڑا ہے؟

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

ایڈہیسِو کیپسولائٹس: فروزن شولڈرکیا ہے - شفا نیوز

Vinkmag ad

Read Previous

آر ایم آئی میں صحت کارڈ کے تحت دل کے 174 کامیاب آپریشن

Read Next

چین: انسانی جسم میں پہلی بار خنزیر کے جگر کی کامیاب پیوندکاری

Leave a Reply

Most Popular