منہ میں موجود ایک بیکٹیریم سر اور گردن کا کینسر ختم کر دیتا ہے۔ یہ انکشاف گائز اینڈ سینٹ تھامس ہسپتال اور کنگز کالج لندن کی ایک حالیہ تحقیق میں کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ وہی بیکٹیریم ہے جو آنتوں کے کینسر کا سبب بنتا ہے۔
”ایچ این ایس سی سی” کینسر کی ایک مہلک قسم ہے۔ یہ دنیا بھر میں زیادہ پائے جانے والے کینسرز میں چھٹے نمبر پر ہے۔ اس کے علاج میں ابھی تک کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی تھی۔ حالیہ تحقیق سے امید کی ایک کرن نمودار ہوئی ہے۔ ریسرچرز کے مطابق توقع ہے کہ سر اور گردن کا کینسر اب لاعلاج نہ رہے گا۔ اس کا سبب یہ ہے کہ فیوزو بیکٹیریم اس کے علاج میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ دوسری طرف یہ بیکٹیریم آنتوں کے کینسر کا سبب بھی بن سکتا ہے۔
تحقیق کرنے والی سائنسدانوں کی بین الاقوامی ٹیم کی سربراہ ڈاکٹر فریرا ہیں۔ ٹیم نے اس کینسر کے 155 مریضوں کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔
تجزیے کے مطابق جن مریضوں میں فیوزو بیکٹیریا زیادہ تھے، ان کی حالت دیگر کے مقابلے میں بہتر ہوتی گئی۔ سائنسدانوں کے مطابق فیوزو بیکٹیریا کی اعلیٰ سطح کے حامل افراد کے زندہ رہنے کے امکانات 65 فیصد زیادہ ہیں۔
تحقیق کے دوران مشاہدہ کیا گیا کہ یہ بیکٹیریم کینسر زدہ خلیوں کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔