موٹاپے کو بالعموم خوبصورتی کے تناظر میں دیکھا جاتا ہے، تاہم بنیادی طور پر یہ صحت کا مسئلہ ہے۔ اس لیے ماہرین صحت وزن کو حد میں رکھنے پر زور دیتے ہیں۔ بہت سے لوگ اس کے لیے کوشش کرتے ہیں لیکن اس میں کامیاب نہیں ہوتے۔ ان کے لیے افغانستان کے قدرت اللہ ایک روشن مثال ہیں۔ 216 کلو کے شخص نے صرف 10 ماہ میں اپنا وزن 125 کلو گرام کم کر لیا ہے۔ اب ان کا وزن 91 کلوگرام ہے۔
قدرت اللہ وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے روزمرہ کے کام کرنے سے قاصر تھے۔ ان کی صحت بھی متاثر ہو رہی تھی۔ ڈاکٹروں نے انہیں اپنا وزن کم کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے خوراک میں تبدیلی اور روزانہ پانچ گھنٹے ورزش کے ذریعے وزن کم کر لیا۔ 216 کلو کے شخص کا 91 کلوگرام پر آ جانا حیران کن ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ خوراک اور جسمانی سرگرمی اس ضمن میں بہت اہم ہیں۔ انہوں نے چاول، سافٹ ڈرنکس اور تلی ہوئی اشیا کا استعمال چھوڑ دیا۔ اس کی جگہ انہوں نے سلاد، ابلا ہوا گوشت اور جو کی روٹی کھانا شروع کی۔ قوت ارادی اور سخت محنت سے انہوں نے صحت مند زندگی کی منزل حاصل کر لی ہے۔