تازہ ترین: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے اعلان کیا ہے کہ بینائی ختم کرنے والی ایک خطرناک بیماری پاکستان سے ختم ہو گئی ہے۔ یہ بیماری ٹریکوما (Trachoma) ہے جو کلیمائڈیا ٹریکومیٹس نامی بیکٹیریا سے ہوتی ہے۔ اگر اس کا علاج نہ کیا جائے تو یہ نابینا پن کا سبب بن سکتی ہے۔
پاکستان اس سنگ میل کو عبور کرنے والا دنیا کا 19 واں ملک بن گیا ہے۔ اس کامیابی کا سہرا پاکستان کے سیاسی عزم، ڈبلیو ایچ او کی تکنیکی مدد اور ماہرین صحت کو جاتا ہے۔ سائیٹس سیورز، کرسچین بلائنڈ مشن اور فریڈ ہالوز فاؤنڈیشن جیسے اداروں کے تعاون کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔ ڈبلیو ایچ او کی تجویز کردہ ”ایس اے ایف ای” حکمت عملی اس کامیابی کا اہم جزو ہے۔ اس میں سرجری، اینٹی بائیوٹکس، فیس (چہرے) کی صفائی اور انوائرومنٹ (ماحول) کی بہتری شامل ہیں۔
مذکورہ اعلان ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا۔ اس میں پاکستان میں ڈبلیو ایچ او مشن کے سربراہ ڈاکٹر لوو ڈیپنگ نے وزیراعظم پاکستان کو ٹریکوما سے پاک پاکستان کا سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بینائی ختم کرنے والی ایک خطرناک بیماری کے خاتمے کو اہم کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر ہمیں صحت مند پاکستان کی منزل کی جانب لے کر جا رہا ہے۔ ہم اس کامیابی کو اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر منا رہے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر پولیو اور ہیپاٹائٹس کے خاتمے کا بھی عزم ظاہر کیا۔