دانت کا پھوڑا (Tooth abscess) پیپ سے بھری ایک تکلیف دہ سوجن ہے جو بیکٹیریا کے انفیکشن کی وجہ سے بنتی ہے۔ یہ عموماً دانت میں کیڑا لگنے، چوٹ یا بعض اوقات دانتوں کے سابقہ علاج کے بعد پیدا ہو سکتی ہے۔ انفیکشن دانت کی جڑ یا اس کے اردگرد کے ٹشوز میں پھیل کر پھوڑا بنا سکتا ہے۔ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں انفیکشن جبڑے اور جسم کے دیگر حصوں تک پھیل سکتا ہے۔
علامات
دانت کے پھوڑے کی علامات شدت میں مختلف ہو سکتی ہیں۔ عام علامات یہ ہیں:
٭ دانت میں شدید اور مسلسل درد ہونا، جو جبڑے، کان یا گردن تک پھیل سکتا ہے
٭ گرم یا ٹھنڈی چیز کھانے پینے، چبانے یا کاٹنے پر تکلیف ہونا
٭ بخار ہونا
٭ چہرے، گال یا گردن میں سوجن آنا
٭ منہ سے بدبو آنا یا پیپ اور بدذائقہ رطوبت خارج ہونا
٭ گردن یا جبڑے کے غدود میں سوجن آنا
وجوہات
پیری ایپیکل دانت کا پھوڑا اس وقت بنتا ہے جب بیکٹیریا دانت کے گودے (پَـلپ) میں داخل ہو کر جڑ تک پھیل جاتے ہیں۔ یہ عموماً دانت میں کیڑا لگنے، دراڑ پڑنے یا دانت ٹوٹنے کے نتیجے میں ہوتا ہے۔
خطرے کے عوامل
دانت کے پھوڑے کا امکان ان حالات میں زیادہ ہوتا ہے:
٭ دانتوں اور مسوڑھوں کی صفائی کا مناسب خیال نہ رکھنا
٭ زیادہ میٹھی غذاؤں اور مشروبات کا استعمال
٭ منہ خشک رہنا
پیچیدگیاں
علاج نہ ہونے کی صورت میں انفیکشن جبڑے، سر یا گردن کے دیگر حصوں تک پھیل سکتا ہے۔ اس کے علاوہ سینوس انفیکشن (Sinus infection) اور بعض صورتوں میں سیپسس (Sepsis) جیسی جان لیوا پیچیدگی پیدا ہو سکتی ہے اور کمزور مدافعتی نظام والے افراد میں اس کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
یہ علامات ظاہر ہوں تو فوراً دانتوں کے ڈاکٹر سے رابطہ کریں:
٭ دانت میں شدید درد ہو
٭ چہرے یا گال میں سوجن آ جائے
٭ بخار ہو
٭ سانس لینے یا نگلنے میں دشواری ہو
تشخیص
ڈاکٹر دانت اور اس کے اردگرد کے حصے کا معائنہ کرتا ہے اور ہلکے دباؤ یا تھپتھپانے پر ہونے والے درد کا جائزہ لیتا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ایکسرے یا سی ٹی سکین کی مدد سے مسئلے کی شدت اور اس کے پھیلاؤ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
علاج
علاج کے طریقوں میں شامل ہیں:
٭ پھوڑے کو کھول کر پیپ خارج کرنا
٭ روٹ کینال علاج کرنا
٭ متاثرہ دانت نکال دینا (اگر دانت کو بچانا ممکن نہ ہو)
٭ ضرورت پڑنے پر اینٹی بایوٹک ادویات دینا
احتیاطی تدابیر
دانتوں کو صحت مند رکھنے کے لیے یہ اقدامات اپنائیں:
٭ فلورائیڈ والے ٹوتھ پیسٹ سے دن میں دو بار دانت برش کرنا
٭ فلورائیڈ والا پانی استعمال کریں
٭ روزانہ فلاس یا واٹر فلوسر استعمال کریں
٭ ٹوتھ برش ہر 3 سے 4 ماہ بعد تبدیل کریں
٭ متوازن غذا کھائیں اور میٹھی اشیاء کم استعمال کریں
٭ باقاعدگی سے دانتوں کا معائنہ اور صفائی کروائیں
٭ ضرورت پڑنے پر اینٹی سیپٹک یا فلورائیڈ ماؤتھ واش استعمال کریں
Frequently Asked Questions (FAQs)
دانت کا پھوڑا کیا ہوتا ہے؟
یہ دانت یا اس کے اردگرد انفیکشن کی وجہ سے بننے والی پیپ کی تھیلی ہوتی ہے۔
کیا دانت کا پھوڑا خود بخود ٹھیک ہو سکتا ہے؟
نہیں، زیادہ تر صورتوں میں مناسب علاج ضروری ہوتا ہے۔
کیا دانت کا پھوڑا خطرناک ہو سکتا ہے؟
جی ہاں، علاج نہ ہونے پر انفیکشن جسم کے دیگر حصوں تک پھیل سکتا ہے۔
کیا روٹ کینال سے دانت بچایا جا سکتا ہے؟
جی ہاں، بہت سے مریضوں میں روٹ کینال کے ذریعے دانت محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
دانت کے پھوڑے سے بچاؤ کیسے ممکن ہے؟
منہ کی صفائی، باقاعدہ برش اور دانتوں کا بروقت علاج اس کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
نوٹ یہ مضمون صرف معلوماتی مقاصد کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ دانت یا مسوڑھوں سے متعلق کسی بھی مسئلے کی صورت میں اپنے معالج یا ڈینٹسٹ سے مشورہ کریں۔