نیویارک میں پاکستانی سرمے اور کریموں میں پارہ اور سیسہ محفوظ حد سے خطرناک حد تک زیادہ پایا گیا ہے۔ یہ بات امریکی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کی ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہے۔ امریکی حکام نے اس پر فوری ہیلتھ الرٹ جاری کیا ہے۔ اس میں خبردار کیا گیا ہے کہ ان مصنوعات کا مسلسل استعمال صحت کے لیے خطرناک ہے۔
پاکستانی وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے پی ایس کیو سی اے اور پی سی ایس آئی آر کو ہدایت کی ہے کہ سرمے اور کریموں سمیت دیگر مصنوعات کے نمونے فوری جمع کریں۔ اداروں سے کہا گیا ہے کہ ان کا بلا تاخیر تجزیہ کریں، اور رپورٹ امریکی حکام کو فراہم کریں۔
پاکستانی حکام نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس واقعے سے ملک کی برآمدی ساکھ متاثر ہو سکتی ہے۔ عالمی سطح پر سخت جانچ یا تجارتی پابندیاں بھی لگ سکتی ہیں۔ حکومت نے معاملے کو حساس قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی کا عندیہ ظاہر کیا ہے۔