ماہرین کے مطابق چکن کارن اور ویجیٹیبل سوپ نزلہ زکام کی شدت اور دورانیہ کم کر سکتا ہے۔ یہ تحقیق ”نیوٹری اینٹس” نامی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔ مذکورہ جائزے میں چار سٹڈیز شامل کی گئیں، جن میں کل 342 افراد شریک تھے۔
ایک تحقیق کے مطابق سوپ استعمال کرنے والوں میں نزلہ زکام کا دورانیہ 1 سے اڑھائی دن کم ہو گیا۔ دیگر تجربات میں گرم سوپ نے ناک صاف کرنے میں سادہ گرم پانی کے مقابلے میں زیادہ بہتری دکھائی۔ سوپ کے مدافعتی اثرات بھی دیکھے گئے۔ بعض سٹڈیز کے مطابق جسم میں سوزش کم ہوئی اور مدافعتی خلیے زیادہ فعال ہوئے۔ ایک اور سٹڈی میں کچھ مدافعتی مادوں میں بہتری دیکھی گئی۔ تاہم محققین کے مطابق سوپ کے اثرات اس کی ترکیب کے حساب سے مختلف ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سوپ بنیادی علاج نہیں ہے۔ تاہم یہ علامات میں آرام، جسم کو گرم رکھنے اور پانی کی کمی روکنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔