امریکی ایف ڈی اے نے مینوپاز کے علاج کے لیے ہارمون تھیراپی سے دو دہائی پرانی بلیک باکس وارننگ ہٹا دی ہے۔ یہ وارننگ فالج، دل کے دورے اور دیگر سنگین خطرات سے متعلق تھی۔ اب 20 سے زائد گولیاں، پیچ اور کریمیں نمایاں وارننگ کے بغیر دستیاب ہوں گی۔
ایف ڈی اے کے مطابق پرانا انتباہ فرسودہ اور غیر ضروری تھا۔ نئی پالیسی خواتین کو زیادہ بااختیار بنائے گی۔ یہ تبدیلی ڈاکٹر اور مریضوں کو زیادہ محفوظ اور ذاتی نوعیت کے فیصلے کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔
1990 کی دہائی میں ہر چار میں سے ایک خاتون مینوپاز کی علامات کے لیے ہارمون تھراپی استعمال کرتی تھی۔ 2002 کی سٹڈی میں اس حوالے سے خطرات سامنے آئے۔ بعد کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہارمون تھراپی 60 سال سے کم عمر میں اور مینوپاز کے ابتدائی 10 سالوں میں شروع کی جائے تو خطرات محدود رہتے ہیں۔ ہارمون کی کم مقدار اور کریم یا جیل کے براہِ راست استعمال سے خطرات مزید کم ہوئے ہیں۔
امریکی وزیر صحت نے کہا کہ یہ اقدام شواہد پر مبنی طب کو فروغ دیتا ہے۔ تاہم بعض ماہرین نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔