کان صاف کرنے کے لیے چھوٹے سٹکس بظاہر بے ضرر لگتے ہیں، تاہم ماہرین کے مطابق یہ عادت سماعت کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔ اس کا سبب یہ ہے کہ کاٹن بڈز کان کے موم کو اندر دھکیل دیتے ہیں۔ اس سے کان کے اندر دباؤ اور تکلیف پیدا ہوتی ہے۔
ماہرین کے مطابق کاٹن بڈز کان کے پردے اور درمیانی ہڈیوں کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ زیادہ دباؤ سے سماعت متاثر ہو سکتی ہے اور ٹِنائٹس یعنی کان میں مستقل بھنبھناہٹ پیدا ہو سکتی ہے۔
کان، ناک اور گلے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کان کا موم قدرتی طور پر کان کو جراثیم اور مٹی سے محفوظ رکھتا ہے۔ اسی لیے صرف بیرونی صفائی محفوظ اور مؤثر طریقہ ہے۔
عموماً اندرونی صفائی غیر ضروری اور خطرناک ہے۔ تاہم کان میں زیادہ موم ہونے کی صورت میں ڈاکٹر کے مشورے سے ویکس سافٹننگ ڈراپس استعمال کرنے چاہئیں۔ صاف پانی سے ہلکی فلشنگ بھی مفید ہے۔ اگر مسلسل درد، کان سے کچھ رسنا یا سماعت میں کمی محسوس ہو تو بلا تاخیر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔