نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی) کراچی میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی۔ پاکستان میں پہلی بار فروزن ایلیفینٹ ٹرنک (Tarfet) تکنیک سے آؤرٹک آرچ ریپلیسمنٹ کی گئی۔ پیچیدہ سرجری کامیابی سے مکمل ہوئی اور مریض اب صحتیاب ہو رہا ہے۔ آپریشن سندھ حکومت کے صحت پروگرام کے تحت مکمل مفت انجام دیا گیا۔
آپریشن خیرپور کے 16 سالہ لڑکے پر کیا گیا جو کل 16 گھنٹے تک جاری رہا۔ سرجری کی قیادت ترکی کے ماہر پروفیسر اُگُرسے کِزیل تِپے نے کی۔ ڈاکٹر خزیمہ طارق، پروفیسر اسد بلال اعوان، ڈاکٹر محمد فہد اور پروفیسر امین ایم خواجہ نے بھی آپریشن میں حصہ لیا۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر کے مطابق ٹارفٹ تکنیک میں درستگی اور ہم آہنگی انتہائی اہم تھی۔ پاکستان میں پہلی بار اس میں کامیابی ایک اہم سنگ میل ہے۔ ادارہ ہر مریض کو مفت اور بہترین کارڈیئک علاج فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔