امریکی ریاست میساچوسٹس کی رہائشی رُتھ ولسن ایک میڈیکل لیب میں ملازم اور دو بچوں کی ماں ہیں۔ خاتون کو لوپس نامی ایک سنگین بیماری لاحق ہے۔ مختلف علامات کی وجہ سے اسے ہزار چہروں والی بیماری کہا جاتا ہے۔
لوپس ایک آٹو امیون، یعنی مدافعتی نظام کی طویل مدتی بیماری ہے۔ اس میں جسم کے خلیے، جلد، جوڑوں اور اندرونی اعضاء متاثر ہوتے ہیں۔ اس کے باعث بخار، درد، سوجن اور تھکن جیسی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔
رُتھ ولسن نے چھ سال تک تکالیف برداشت کیں، یہاں تک کہ ان کے گردے بھی متاثر ہو گئے۔ طویل عرصے کے بعد ان میں لوپس کی تشخیص ہوئی۔ وہ اب روزانہ دواؤں، اور ماہانہ مخصوص علاج سے اپنی اس ہزار چہروں والی بیماری کو کنٹرول کرتی ہیں۔
وہ ریسرچ الائنس کے ایک تحقیقی منصوبے کا حصہ ہیں۔ وہ اس مرض کے شکار دیگر مریضوں کے لیے ایک سپورٹ گروپ بھی چلاتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں، ”میں چاہتی ہوں کہ کوئی اور وہ تنہائی محسوس نہ کرے جو میں نے کی۔” ان کے بازو پر کندہ جملہ ”Never Stop Fighting” ان کے حوصلے اور عزم کی علامت ہے۔