شفا انٹرنیشنل اور محکمہ صحت گلگت بلتستان کے درمیان ایک اہم معاہدے پر دستخط ہو گئے ہیں۔ معاہدے کے تحت صوبے کے نرسنگ اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لیے جدید ٹریننگ اور ریفریشر کورسز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے سیکرٹری صحت آصف اللہ خان نے معاہدے پر دستخط کیے۔ شفا انٹرنیشنل کے نمائندوں نے یقین دلایا کہ ٹریننگ پروگرام عالمی معیار کے مطابق ہوں گے۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق یہ اشتراک صوبے کے ہیلتھ انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس سے نہ صرف عملے کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ عوام کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولت بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔