امریکہ میں انسانی جسم میں جانوروں کے گردے کی پیوندکاری کا پہلا کلینیکل ٹرائل شروع ہو گیا ہے۔ یونائیٹڈ تھیراپیوٹکس کے مطابق پہلا ٹرانسپلانٹ نیویارک کے این وائی یو لینگون ہیلتھ ہسپتال میں کامیابی سے انجام پایا۔ ٹرائل کے ابتدائی مرحلے میں چھ مریض شامل ہوں گے۔ تجربات کامیاب ہونے پر یہ تعداد 50 تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ امریکی ایف ڈی اے نے اس کی اجازت ماضی میں خصوصی بنیادوں پر کیے گئے ٹرانسپلانٹس کے بعد دی ہے۔
ٹرانسپلانٹ کے لیے جانوروں کے گردوں میں 10 جینیاتی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس کا مقصد انسانی جسم میں اس کے خلاف ردِعمل کم کرنا اور مطابقت بڑھانا ہے۔
ماہرین کے مطابق جانوروں کے اعضاء کی پیوندکاری لاکھوں مریضوں کے لیے امید کی نئی کرن بن سکتی ہے۔ امریکہ میں اس وقت ایک لاکھ سے زائد افراد گردے کے ٹرانسپلانٹ کے منتظر ہیں۔ ان میں سے ہزاروں مریض عطیہ دہندہ نہ ملنے کے باعث ہر سال جاں بحق ہو جاتے ہیں۔