بعض افراد کو دودھ پینے کے بعد پیٹ میں درد یا اپھارے کی شکایت ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی وجہ لیکٹوز انٹالرینس ہے، جس میں جسم دودھ میں موجود قدرتی شکر لیکٹوز کو ہضم نہیں کر پاتا۔ یہ مسئلہ ایشیائی، افریقی، میکسیکن اور مقامی امریکی نسلوں میں زیادہ عام ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ کیفیت جسم میں لیکٹیز نامی انزائم کم مقدار میں بننے کی وجہ سے پیدا ہوتی ہے۔ اس کی علامات عام طور پر دودھ پینے یا اس سے بنی اشیا کے استعمال کے بعد ظاہر ہوتی ہیں۔ ان میں پیٹ پھولنا، درد، گیس اور اسہال شامل ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق لیکٹوز انٹالرینس کوئی الرجی نہیں بلکہ ایسی کیفیت ہے جس میں دودھ ہضم نہیں ہوتا۔ البتہ بعض افراد کو دودھ سے الرجی بھی ہو سکتی ہے۔ شدید صورتوں میں چہرے یا زبان پر سوجن، سانس لینے میں دشواری یا چکر آ سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں فوری طبی امداد ضروری ہے۔
ماہرین کے مطابق لیکٹوز انٹالرینس کا کوئی مستقل علاج موجود نہیں، تاہم خوراک میں تبدیلی اور لیکٹوز فری دودھ کے استعمال سے علامات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔