وفاقی دارالحکومت میں امراض قلب کے علاج میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پمز اسلام آباد نے دل کے دورے کے مریضوں کے لیے 24 گھنٹے ہنگامی انجیو پلاسٹی (پرائمری پی سی آئی) سروس کا آغاز کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فی الوقت صحت کارڈ رکھنے والے خیبرپختونخوا کے مریضوں کو یہ علاج مفت فراہم کیا جا رہا ہے۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مریضوں کو سٹنٹس اور دیگر اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے۔
ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سروس کو فعال رکھنے کے لیے مزید عملے اور آلات کی ضرورت ہے۔ موجودہ سٹاف کے ساتھ سہولت کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کے لیے اضافی ٹیکنیشنز درکار ہیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر حکومت ضروری وسائل فراہم کرے تو علاج مزید بہتر اور سستا ہو سکتا ہے۔
مریضوں نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد اور قریبی علاقوں کے مریضوں کے لیے بھی علاج مفت کیا جائے۔ صحت کارڈ سکیم کا دائرہ بڑھایا جائے تاکہ کوئی مریض بروقت انجیو پلاسٹی سے محروم نہ رہے۔