برطانیہ میں وزن گھٹانے والی ادویات سے منسلک اموات کی تعداد 82 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار برطانوی ادارے ایم ایچ آر اے کی تازہ رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ اموات جی ایل پی ون ریسیپٹر ایگونِسٹ گروپ کی ادویات سے منسلک پائی گئیں۔ ان میں ماونجارو، ویگووی، اوزیمپک، رائیبیلسس، سیکسنڈا اور وکٹوزا شامل ہیں۔ مرنے والوں میں 22 افراد نے یہ دوائیں صرف وزن کم کرنے کے لیے استعمال کیں۔ تاہم ادارے نے واضح کیا کہ رپورٹ شدہ تمام کیسز میں اموات اور ادویات کا براہِ راست، اور لازمی تعلق ثابت نہیں ہوا۔ بعض کیسز میں دیگر طبی عوامل بھی اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
برطانوی محکمۂ صحت کے میڈیکل ڈائریکٹر سر اسٹیفن پاوس نے کہا کہ وزن گھٹانے والی ادویات کوئی جادووئی علاج نہیں۔ یہ صحت مند غذا اور جسمانی سرگرمی کے ساتھ ہی مؤثر ہو سکتی ہیں۔ انہیں صرف ماہرین کی نگرانی میں ہی استعمال کرنا چاہیے۔ ادویہ ساز کمپنیوں نے کہا ہے کہ وہ ان ادویات کے مضر اثرات کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔