وفاقی محتسب برائے تحفظ خواتین (FOSPAH) نے زچگی کی چھٹیوں کے دوران ملازمت سے برطرفی کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔ برطرفی کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے کمپنی پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
اپریل 2024 میں ایمبریس آئی ٹی نے زینب زہرہ اعوان کو زچگی کی چھٹیوں کے دوران ملازمت سے برطرف کر دیا تھا۔ خاتون نے فیصلے کے خلاف ایف او ایس پی اے ایچ سے رابطہ کیا۔ وفاقی محتسب نے کمپنی پر ایک ملین روپے جرمانہ عائد کیا اور مدعیہ کی ملازمت بحال کر دی۔ عدالت نے حکم دیا کہ 8 لاکھ روپے مدعیہ کو بطور معاوضہ ادا کیے جائیں۔ اس کےعلاوہ باقی 2 لاکھ روپے قومی خزانے میں جمع کرائے جائیں۔
فیصلے میں واضح کیا گیا کہ خواتین کو ماں بننے کا حق دینا کوئی احسان نہیں۔ حاملہ خواتین کے حقوق ناقابل تنسیخ ہیں۔ کسی خاتون کو ملازمت اور ماں بننے کے حق میں سے کسی ایک چیز کے انتخاب پر مجبور نہیں کیا کیا جا سکتا۔ ایف او ایس پی اے ایچ نے کہا کہ تمام ادارے خواتین کے حقوق کی ہر صورت میں حفاظت کریں۔