Vinkmag ad

کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ (سی بی سی)

Test tube containing blood sample for Complete Blood Count (CBC) test in medical laboratory.

کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ (Complete blood count) یا سی بی سی (CBC) خون کا ایک ٹیسٹ ہے۔ یہ صحت کا بحیثیت مجموعی جائزہ لینے اور مختلف کیفیات مثلاً انیمیا، انفیکشن اور لیوکیمیا کی تشخیص کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ کی مدد سے خون میں شامل ان اجزاء کا جائزہ لیا جاتا ہے:

٭ خون کے سرخ خلیے، جو آکسیجن لے جاتے ہیں

٭ خون کے سفید خلیے، جو انفیکشن کا مقابلہ کرتے ہیں

٭ ہیموگلوبن، جو خون کے سرخ خلیوں میں آکسیجن کی حامل پروٹین ہے

٭ ہیمیٹو کرٹ (Hematocrit)، خون میں  خون کے سرخ خلیوں کی تعداد

٭ پلیٹ لیٹس، جو خون کو جمنے میں مدد دیتے ہیں

کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ سے خلیوں میں غیر معمولی اضافے یا کمی کا علم ہوتا ہے۔ یہ تبدیلیاں کسی ایسی طبی حالت کی طرف اشارہ ہو سکتی ہیں جس کے لیے مزید ٹیسٹوں کی ضرورت ہو۔

یہ کیوں کیا جاتا ہے

کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ کئی وجوہات کی بنا پر کیا جاتا ہے۔ ان میں سے کچھ یہ ہیں:

عمومی صحت کا جائزہ

سی بی سی طبی معائنے کا ایک حصہ ہو سکتا ہے۔ اس کا مقصد عمومی صحت کا جائزہ لینا ہے تاکہ خون کی کمی یا لیوکیمیا جیسی بیماریوں کا پتہ چل سکے۔

طبی حالت کی تشخیص

یہ ٹیسٹ کچھ علامات، مثلاً کمزوری، تھکن اور بخار کی وجہ جاننے میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ سوجن، درد، چوٹ یا خون بہنے کی وجہ معلوم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

طبی حالت کی نگرانی

سی بی سی خون کے خلیوں کی تعداد پر اثر انداز ہونے والی کیفیات پر نظر رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

علاج کی نگرانی

یہ ادویات یا ریڈی ایشن پر مبنی علاج کی مانیٹرنگ کے لیے بھی استعمال ہو سکتا ہے۔

تیاری کیسے کریں

Test tube containing blood sample for Complete Blood Count (CBC) test in medical laboratory.

اگر خون کا ٹیسٹ صرف سی بی سی کے لیے کیا جا رہا ہو تو آپ معمول کی خوراک اور مشروبات وغیرہ استعمال کر سکتے ہیں۔ اگر سیمپل دیگر ٹیسٹوں کے لیے بھی استعمال کرنا ہو تو پھر اس سے قبل کچھ وقت کے لیے خالی پیٹ رہنا ضروری ہو سکتا ہے۔ اس لیے اپنے معالج سے ضرور پوچھیں کہ آپ کو ٹیسٹ سے قبل کیا کرنا ہے۔

کیا توقع رکھیں

سی بی سی کے لیے بازو کی رگ سے خون کا نمونہ لے کر لیبارٹری میں بھیجا جاتا ہے۔ ٹیسٹ کے فوراً بعد آپ معمول کی سرگرمیاں انجام دے سکتے ہیں۔

نتائج

خون کی پیمائش سیلز فی لیٹر (cells/L) یا گرام فی ڈیسی لیٹر (grams/dL) میں کی جاتی ہے۔ ذیل میں بالغ افراد کے لیے سی بی سی  کے نتائج دیے گئے ہیں۔

 خون کے سرخ خلیوں کی تعداد

مرد: 4.35 ٹریلین سے 5.65 ٹریلین سیلز فی لیٹر

خواتین: 3.92 ٹریلین سے 5.13 ٹریلین سیلز فی لیٹر

ہیموگلوبن

مرد: 13.2 سے 16.6 گرام فی ڈیسی لیٹر (132 سے 166 گرام فی لیٹر)

خواتین: 11.6 سے 15 گرام فی ڈیسی لیٹر (116 سے 150 گرام فی لیٹر)

ہیمیٹو کرٹ

مرد: 38.3 فیصد سے 48.6 فیصد

خواتین: 35.5 فیصد سے 44.9 فیصد

خون کے سفید خلیوں کی تعداد

3.4 بلین سے 9.6 بلین سیلز فی لیٹر

پلیٹ لیٹس کی تعداد

مرد: 135 بلین سے 317 بلین/لیٹر

خواتین: 157 بلین سے 371 بلین/لیٹر

سی بی سی حتمی ٹیسٹ نہیں

کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ تشخیص سے متعلق تمام معلومات فراہم نہیں کرتا۔ اس لیے اگر رزلٹ متوقع حد سے کچھ زیادہ ہوں، اور مریض عمومی طور پر صحت مند ہو، تو ضروری نہیں کہ معاملہ لازماً پریشانی کا ہی ہو۔ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کو مزید ٹیسٹوں کی ضرورت نہ پڑے۔ تاہم کینسر کے مریض میں سی بی سی کے نتائج متوقع حد سے باہر ہوں تو یہ علاج میں تبدیلی کی ضرورت کی طرف اشارہ ہو سکتا ہے۔ بعض صورتوں میں معالج آپ کو ماہر امراض خون (ہیماٹولوجسٹ) کے پاس جانے کا مشورہ دے سکتا ہے۔

رزلٹس کی توجیح

کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ میں نتائج اگر معمول کی حد سے زیادہ یا کم ہوں تو یہ کسی مسئلے کی طرف اشارہ ہو سکا ہے۔ اس کی تفصیل درج ذیل ہے:

سرخ خلیوں کی تعداد، ہیموگلوبن اور ہیمیٹوکریٹ

ان تینوں کے نتائج کا ایک دوسرے سے گہرا تعلق ہے، اس لیے کہ یہ سب خون کے سرخ خلیوں کی خصوصیات کی پیمائش کرتے ہیں۔ ان کی کم تعداد خون کی کمی (انیمیا) کی علامت ہے۔ انیمیا کے کئی اسباب ہو سکتے ہیں۔ ان میں وٹامنز یا آئرن کی کمی، خون ضائع ہونا، یا کوئی اور طبی حالت نمایاں ہیں۔ اس کے شکار افراد کو کمزوری یا تھکن محسوس ہو سکتی ہے۔

خون کے سرخ خلیوں کی تعداد معمول سے زیادہ ہونے کو ایری تھرو سائٹوسس (erythrocytosis) کہتے ہیں۔ خون کے سرخ خلیوں ہیموگلوبن یا ہیمیٹوکرٹ کی زیادہ سطح کسی طبی حالت، مثلاً خون کا کینسر یا دل کی بیماری کی نشاندہی ہو سکتی ہے۔

خون کے سفید خلیوں کی تعداد

خون کے سفید خلیے معمول سے کم ہوں تو اسے لیوکوپینیا (leukopenia) کہتے ہیں۔ ایسا کسی طبی حالت مثلاً آٹو امیون بیماری، ہڈی کے گودے کے مسائل یا کینسر کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ کچھ دوائیں بھی خون کے سفید خلیوں کی کمی کا سبب بن سکتی ہیں۔

سفید خلیے معمول سے زیادہ ہونے کی بالعموم وجہ انفیکشن یا سوزش ہوتی ہے۔ یہ آٹو امیون ڈیزیز یا ہڈی کے گودے کی بیماری کی طرف اشارہ بھی ہو سکتا ہے۔ اس کا سبب کچھ دواؤں یا شدید ورزش کا ری ایکشن بھی ہو سکتا ہے۔

پلیٹ لیٹس کی تعداد

پلیٹ لیٹس کی تعداد معمول سے کم ہو تو اسے تھرومبو سائٹو پینیا (thrombocytopenia) اور زیادہ ہو تو تھرومبو سائٹوسس (thrombocytosis) کہتے ہیں۔ دونوں صورتیں کسی طبی حالت یا دوا کے ضمنی اثر کا اشارہ ہو سکتی ہیں۔ ان کا سبب معلوم کرنے کے لیے کسی اور ٹیسٹ کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

کمپلیٹ بلڈ کاؤنٹ  کے رزلٹ کی حقیقی وضاحت آپ کا معالج کئی عوامل کی روشنی میں کرے گا۔ اس لیے خلیوں کی تعداد میں کمی بیشی کی صورت میں ازخود کسی نتیجے پر پہنچنے کی بجائے معالج پر اعتماد کرنا چاہیے۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

سرکاری ہسپتالوں میں 36 آکسیجن پلانٹس کی تنصیب

Read Next

National speech therapy day 2025

Leave a Reply

Most Popular