Vinkmag ad

دل کی بحالی (کارڈیئک ری ہیب)

A heart patient undergoing cardiac rehabilitation guided by a physiotherapist

کارڈیئک ری ہیب (Cardiac Rehabilitation) یا دل کی بحالی کا پروگرام عموماً ہارٹ اٹیک یا دل کی سرجری کے بعد تجویز کیا جاتا ہے۔ یہ ایک تعلیمی اور جسمانی ٹریننگ کا پروگرام ہے، جسے ماہرین فرد کی ضروریات کے مطابق تشکیل دیتے ہیں۔

اس پروگرام میں ورزش کی ٹریننگ، جذباتی سپورٹ اور صحت مند طرزِ زندگی پر ایجوکیشن شامل ہوتی ہے۔ صحت مندانہ عادات میں متوازن غذا، وزن کو کنٹرول میں رکھنا اور سگریٹ نوشی ترک کرنا نمایاں ہیں۔

کارڈیئک ری ہیب مستقبل میں دل کی بیماری یا اس سے موت کے خطرے کو کم کرتی ہے۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن اور امریکن کالج آف کارڈیالوجی اسے تجویز کرتے ہیں۔

یہ کیوں کیا جاتا ہے

کارڈیئک ری ہیب دل کے مریضوں یا سرجری کے بعد صحت بہتر کرنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اس کے مقاصد یہ ہیں:

٭ ہارٹ اٹیک یا سرجری کے بعد جلد صحت یابی

٭ مستقبل میں دل کے مسائل کا خطرہ کم کرنا

٭ بیماری کو بگڑنے سے روکنا

٭ معیار زندگی کو بہتر بنانا

بیماریاں اور طبی حالات

معالج یہ پروگرام درج ذیل بیماریوں ی اطبی حالات میں یہ تجویز کر سکتا ہے:

٭ دل کی شریانوں میں رکاوٹیں جو سرگرمی کے دوران درد کا باعث ہوں

٭ ہارٹ اٹیک

٭ ہارٹ فیلئر

٭ دل کے پٹھوں کی بیماریاں

٭ دل کی کچھ پیدائشی بیماریاں

٭ بازو یا ٹانگوں کی شریانوں میں رکاوٹ جو چلنے پر درد پیدا کرے

سرجریز

یہ پروگرام درج ذیل سرجریز کے بعد بھی تجویز کیا جا سکتا ہے:

٭ انجیوپلاسٹی یا سٹنٹ لگانا

٭ بائی پاس سرجری

٭ دل یا پھیپھڑوں کی پیوند کاری

٭ دل کے والو کی مرمت یا تبدیلی

٭ بازو یا ٹانگوں کی شریانیں کھولنے کے پروسیجرز

خطرات

ورزش کے دوران دل سے متعلق پیچیدگیوں کا خطرہ معمولی ہوتا ہے۔ ہر پروگرام مریض کی حالت کے مطابق ڈیزائن کیا جاتا ہے۔ اس میں ورزش کی نوعیت، دورانیے اور شدت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ ماہرین کی باقاعدہ نگرانی خطرات کو کم کرتی ہے۔ وہ ورزش کا صحیح طریقہ سکھاتے ہیں تاکہ چوٹ سے بچا جا سکے۔

تیاری کیسے کریں

پروگرام شروع کرنے سے پہلے معالج جسمانی حالت، طبی مسائل اور ممکنہ خطرات کا جائزہ لیتے ہیں۔ اس بنیاد پر ایک محفوظ اور مؤثر پروگرام تیار کیا جاتا ہے۔

یہ پروگرام ہسپتال میں بھی شروع ہو سکتا ہے، لیکن اس پر عمل زیادہ تر گھر واپسی کے بعد ہوتا ہے۔ عام طور پر ہفتے میں تین بار ایک گھنٹے کے سیشن ہوتے ہیں جو 8 سے 12 ہفتے تک چلتے ہیں۔

کچھ مراکز آن لائن پروگرام بھی آفر کرتے ہیں جن میں فون، ویڈیو کال، موبائل ایپس یا مانیٹرنگ ڈیوائسز شامل ہوتی ہیں۔ مریض کو چاہیے کہ اپنی انشورنس کمپنی سے معلوم کر لے کہ اس میں یہ اخراجات کور ہوتے ہیں یا نہیں۔

کیا توقع رکھیں

دل کی بحالی کے دوران آپ کی ٹیم میں ماہرین قلب، نرسیں، غذائی ماہرین، فزیوتھیراپسٹ اور نفسیاتی ماہر شامل ہو سکتے ہیں۔ زیادہ تر پروگرام تین حصوں پر مشتمل ہوتے ہیں:

ورزش

٭ پلان کے مطابق واک، سائیکلنگ، جاگنگ وغیرہ

٭ ہلکے وزن یا بینڈ سے پٹھوں کی مضبوطی کی ورزشیں

٭ یوگا یا سٹریچنگ سے لچک بڑھانا

٭ ورزش کے دوران دل کی مانیٹرنگ اور چوٹ سے بچاؤ

٭ گھر پر ورزش کا طریقہ سکھانا

٭ ورزش کی شدت بتدریج بڑھانا

غذا

٭ صحت بخش کھانوں کے انتخاب میں راہنمائی

٭ وزن کم کرنے یا برقرار رکھنے کے اہداف مقرر کرنا

٭ ذیابیطس، بلڈ پریشر یا کولیسٹرول کی صورت میں غذائی مشورے دینا

ادویات اور بیماری سے آگاہی

٭ دل کی بیماری یا دیگر طبی مسائل کے بارے میں معلومات کی فراہمی

٭ دواؤں اور ان کے استعمال کی وجوہات سے آگاہی

٭ دوائیں وقت پر اور درست طریقے سے لینے میں مدد دینا

٭ خطرے کے عوامل کو قابو میں رکھنے کے لیے راہنمائی

ذہنی صحت کی دیکھ بھال

نفسیاتی ماہر درج ذیل مدد فراہم کر سکتا ہے:

٭ تناؤ، اضطراب یا ڈپریشن کے لیے ٹاک تھیراپی

٭ اینگزائٹی یا ڈپریشن کے علاج کے لیے دوا تجویز کرنا

٭ بہتر طرزِ زندگی کی ٹریننگ

دیگر سروسز

دل کی بحالی کی دیگر سروسز میں یہ شامل ہیں:

٭ سگریٹ چھوڑنے میں مدد کے پروگرام

٭ نیند کی صحت مند عادات کی راہنمائی

٭ نیند کی بیماری (سلیپ اپنیا) کے ٹیسٹ اور ممکنہ علاج

کارڈیئک ری ہیب کے بعد

A heart patient undergoing cardiac rehabilitation guided by a physiotherapist

پروگرام کے اختتام پر مریض کو خود ورزش کرنے اور صحت مند طرزِ زندگی برقرار رکھنے کی تربیت دی جاتی ہے۔ فالو اپ وزٹ میں پیش رفت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

نتائج

دل کی بحالی ان امور میں آپ کی مدد کرتی ہے:

٭ دل کی بیماری اور اس سے منسلک مسائل کے خطرے کو کم کرنا

٭ صحت مندانہ عادات اپنانا، مثلاً متوازن غذا اور باقاعدہ ورزش

٭ جسمانی قوت بڑھانا

٭ تناؤ اور اینگزائٹی پر قابو پانے کے طریقے سیکھنا

٭ وزن مؤثر انداز میں کنٹرول کرنا

٭ نقصان دہ عادات جیسے سگریٹ نوشی چھوڑنا

دل کی بحالی کا سب سے اہم فائدہ معیار زندگی میں بہتری ہے۔ پروگرام سے استفادہ کرنے والے اکثر لوگ سرجری یا بیماری کے بعد خود کو پہلے سے بہتر محسوس کرتے ہیں۔ دل کی بحالی جسمانی اور جذباتی طور پر زندگی کو بہتر بناتی ہے، مضبوطی دیتی ہے اور بیماری کو بہتر مینج کرنا سکھاتی ہے۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

پاگل کتے کے کاٹے کے باوجود ریبیز ٹیسٹ منفی

Read Next

پاکستان پوسٹ نے ڈسلیکسیا پر دنیا کا پہلا یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کر دیا

Leave a Reply

Most Popular