وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں 9 لاکھ نرسوں کی کمی ہے۔ انہوں نے اسے نگہداشت صحت کے نظام کے لیے سنگین چیلنج قرار دیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پی این سی کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر کے میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ نرسنگ کو جدید اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ادارہ بنایا جائے گا۔
دوسری طرف پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری کونسل نے ملک بھر میں 38 غیر تسلیم شدہ نرسنگ کالجز کی فہرست جاری کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، ان میں سے 25 کالجز پنجاب، 5 اسلام آباد، 5 سندھ اور 2 خیبر پختونخوا میں ہیں۔ کونسل نے طلباء کو خبردار کیا ہے کہ ان اداروں میں داخلہ نہ لیں۔
ملک میں 755 رجسٹرڈ نرسنگ اداروں کے باوجود پاکستان میں 9 لاکھ نرسوں کی کمی تشویش ناک ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کمی غیر منظور شدہ اداروں کے لیے موقع فراہم کر رہی ہے۔ یہ ادارے بغیر سرکاری معیار پورا کیے داخلہ دیتے ہیں۔