شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ماہرین نے ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر خصوصی آگاہی سیشنز کا انعقاد کیا۔ یہ سیشنز مختلف یونیورسٹیوں اور کارپوریٹ اداروں میں منعقد کیے گئے۔ میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی عوام کو آگاہی فراہم کی گئی۔
شعبہ امراض قلب کے سربراہ ڈاکٹر اسد اکبر خان نے کہا کہ ملک میں امراض قلب کی شرح مسلسل بڑھ رہی ہے۔ دل کی بیماریاں پہلے صرف بزرگ افراد میں دیکھی جاتی تھیں۔ اب 30 اور 40 سال کی عمر میں بھی لوگ ہارٹ اٹیک کا شکار ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر سعید اللہ شاہ نے کہا کہ امراض قلب سے بچنے کے لئے ہمیں صحت مند طرزِ زندگی اپنانا ہو گا۔ اس کے لئے روزانہ ورزش، متوازن غذا، سگریٹ نوشی ترک کرنا اور ذہنی دباؤ سے بچنا ضروری ہے۔
ورلڈ ہارٹ ڈے کے موقع پر ماہرین نے بتایا کہ سگریٹ نوشی، فاسٹ فوڈ اور غیر متحرک رہنا سخت مضر صحت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہارٹ اٹیک کی ابتدائی علامات پہچاننا ہر فرد کے لئے ضروری ہے۔ اگر علامات ظاہر ہوں تو جان بچانے کے لیے بلاتاخیر ایمرجنسی میں پہنچنا انتہائی اہم ہے۔ ورلڈ ہارٹ ڈے ہر سال 29 ستمبر کو منایا جاتا ہے۔