Vinkmag ad

کھانسی کے ساتھ خون آنا

Medical illustration showing coughing up blood

پھیپھڑوں کی مختلف بیماریوں کی وجہ سے کھانسی کے ساتھ خون آ سکتا ہے۔ خون چمک دار سرخ یا گلابی اور جھاگ دار ہو سکتا ہے، اور یہ بلغم کے ساتھ بھی آسکتا ہے۔ پھیپھڑوں کی نالیوں سے خون کے ساتھ آنے والی کھانسی کو ہیموپٹیسس (Hemoptysis) کہا جاتا ہے۔

کھانسی میں خون آنا تشویشناک ہوتا ہے، تاہم تھوڑی مقدار میں خون ملا بلغم آنا عام طور پر خطرناک نہیں ہوتا۔ اس کے باوجود مریض کو چاہیے کہ ڈاکٹر سے رابطہ کرے۔ وہی یہ طے کر سکتا ہے کہ اس کی وجہ معمولی ہے یا اس کے پس پردہ کوئی سنگین مرض ہے۔ اگر کھانسی کے ساتھ بار بار یا زیادہ مقدار میں خون آئے تو فوراً ایمرجنسی میں رابطہ کریں۔

 وجوہات

کھانسی کے ساتھ خون پھیپھڑوں کے علاوہ کسی اور حصے مثلاً معدے سے بھی آ سکتا ہے، تاہم معلوم ایسے ہوتا ہے جیسے پھیپھڑوں سے آیا ہو۔ اس لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ خون کہاں سے آ رہا ہے اور اس کی وجہ کیا ہے۔

بالغ افراد میں خون کے ساتھ کھانسی کی عام وجوہات یہ ہیں:

برونکائٹس: پھیپھڑوں کی نالیوں میں سوزش جو کھانسی اور بلغم پیدا کرتی ہے

برونکی ایکٹیسس (Bronchiectasis): پھیپھڑوں کی نالیوں کا مستقل طور پر پھیل جانا۔ اس سے بلغم جمع ہوتا ہے، اس میں خون کے دھبے آ سکتے ہیں اور انفیکشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے

نمونیا: پھیپھڑوں کا انفیکشن جو کھانسی، بخار اور سانس لینے میں مشکل پیدا کرتا ہے

دیگر ممکنہ وجوہات میں شامل ہیں:

برونکیئل نیوپلازم (Bronchial neoplasm): پھیپھڑوں کی بڑی نالی میں پیدا ہونے والا ٹیومر

سی او پی ڈی: پھیپھڑوں کی طویل مدتی بیماری جو سانس لینے میں دشواری پیدا کرتی ہے

سسٹک فائبروسس (Cystic fibrosis): جینیاتی بیماری جس میں بلغم گاڑھا ہو کر پھیپھڑوں میں جمع ہوتا ہے

پھیپھڑوں کا کینسر: پھیپھڑوں میں بننے والا کینسر خون کے ساتھ کھانسی کا باعث بن سکتا ہے

مٹرال والو سٹینوسس (Mitral valve stenosis): دل کا والو تنگ ہو جانا جس سے پھیپھڑوں میں خون کا دباؤ بڑھ جاتا ہے

پلمونری ایمبولزم (Pulmonary embolism): پھیپھڑوں کی شریان میں رکاوٹ یا خون کا لوتھڑا

ٹی بی: بیکٹیریل انفیکشن جو پھیپھڑوں کو متاثر کرتا ہے

کھانسی کے ساتھ خون آنے کی دیگر ممکنہ وجوہات یہ ہیں:

٭ سینے کی چوٹ

٭ منشیات کا استعمال، جیسے کوکین

٭ جسم میں کسی بیرونی چیز کی موجودگی

٭ پیراسائٹ سے ہونے والا انفیکشن

٭ پولی اینجائیٹس کے ساتھ گرانو لومیٹوسس (Granulomatosis with polyangiitis)، جو خون کی شریانوں میں سوزش کی ایک بیماری ہے

معالج آپ کی علامات کا تفصیلی جائزہ لے کر بیماری کی درست تشخیص کر سکتا ہے۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

٭ اگر کھانسی کے ساتھ خون آئے تو فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کریں

اگر خون کی مقدار زیادہ ہو یا خون رک نہ رہا ہو تو فوری طبی امداد کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

بریسٹ کینسر کے مریضوں کے لیے نئی تھیراپی منظور

Read Next

امریکہ میں ڈرگ رِزسٹنٹ نائٹ میئر بیکٹیریا کے کیسز میں اضافہ

Leave a Reply

Most Popular