جھلسنے والے مریضوں کیلئے پمز اسلام آباد میں سکن بینک قائم کر دیا گیا ہے۔ سٹیم سیل اور سکن بینک کا افتتاح وفاقی وزیر صحت نے ہسپتال میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔ تقریب میں ایس زیڈ اے بی ایم یو میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور دیگر ماہرین بھی شریک ہوئے۔
ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی پمز کے برن آئی سی یو کے سربراہ ہیں۔ ان کے مطابق 80 سے 100 فیصد جھلسنے والے مریضوں کو جلد کی فوری ضرورت ہوتی ہے۔ سکن بینک کے قیام سے ان مریضوں کو بہت مدد ملے گی۔ اس سے علاج کا عمل زیادہ تیز، مؤثر اور کم قیمت ہو جائے گا۔
جلد شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (ایس زیڈ اے بی ایم یو) کی لیبارٹری میں تیار کی جائے گی۔ اس کے بعد اسے ہسپتال میں مریضوں پر لگایا جائے گا۔ اسے پانچ سال تک محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔ عام حالات میں ڈریسنگ کی قیمت 55 ہزار روپے جبکہ معیاری ڈریسنگ 1.5 لاکھ روپے تک ہے۔ لیبارٹری میں تیار شدہ جلد اس سے سستی اور طویل مدتی حل فراہم کرے گی۔
ماہرین کے مطابق تیار شدہ جلد ڈریپ کی منظوری کے بعد استعمال ہو گی۔ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے ڈریپ لائسنس کے فوری اجرا کی یقین دہانی کرائی ہے۔