پاکستان میں نوزائیدہ بچوں کی زندگیاں بچانے میں کینگرو مدر کیئر مراکز اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ڈبلیو ایچ کے مطابق 2021 سے اب تک ان میں تقریباً 36,000 کم وزن نوزائیدہ بچوں کا علاج کیا گیا۔ یہ سہولت بیماریوں اور ہسپتال میں قیام کی مدت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔
کینگرو مدر کیئر کے تحت بچوں کو ماں کے ساتھ جلد از جلد جسمانی رابطہ فراہم کیا جاتا ہے۔ اس دوران صرف ماں کے دودھ پر انحصار کیا جاتا ہے۔ بچے کو ہسپتال سے مناسب وقت پر گھر بھیج دیا جاتا ہے۔ اس سے بچوں کو ہسپتال میں غیر ضروری قیام سے بچایا جاتا ہے۔ یوں انفیکشن کے خطرے میں کمی آتی ہے، اور ماں بچوں کی بہتر دیکھ بھال کر سکتی ہے۔
ڈبلیو ایچ نے ملک بھر میں اس کے 17 مراکز قائم کیے ہیں۔ ان میں 2 کلوگرام یا اس سے کم وزن والے بچوں کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔
ہری پور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں کے ایم سی یونٹ 2024 میں قائم ہوا۔ ماؤں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سے اپنے بچوں میں فوری بہتری دیکھی۔ ڈبلیو ایچ کے مطابق کے ایم سی مراکز پاکستان میں نوزائیدہ بچوں کی زندگیاں بچانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔