وفاقی حکومت کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں سیلاب نے صحت کے نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سے 104 مراکز صحت متاثر ہوئے۔ ان میں 7 مکمل طور پر تباہ ہو گئے جبکہ 97 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔
پاکستان میں سیلاب سے خیبر پختونخوا، سندھ اور گلگت بلتستان کے مراکز سب سے زیادہ متاثرہ ہوئے۔ خیبر پختونخوا میں 3 مراکز مکمل طور پر منہدم ہوئے۔ سندھ اور گلگت بلتستان میں 2، 2 مراکز زمین بوس ہو گئے۔ سندھ میں 25 مراکز متاثر ہوئے۔ پنجاب میں 12 اور گلگت بلتستان میں 7 مراکز کو نقصان پہنچا۔ ان میں سے 2 مکمل طور پر غیر فعال ہیں۔
خیبر پختونخوا میں 60 لیڈی ہیلتھ ورکرز کے مکانات بھی متاثر ہوئے۔ ان میں 32 مکمل طور پر تباہ ہوئے اور 28 کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ اس سے کمیونٹی سطح پر صحت کی سہولیات مزید دباؤ کا شکار ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق 97 جزوی طور پر متاثرہ مراکز بحال ہو چکے ہیں۔ ان میں بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جہاں عمارتیں مکمل تباہ ہوئیں، وہاں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔