Vinkmag ad

خون کے لوتھڑے (بلڈ کلاٹ) بننا

خون کے لوتھڑے (بلڈ کلاٹ)- شفا نیوز

خون کی جمی ہوئی جیل جیسے گٹھے خون کے لوتھڑے (blood Clots) کہلاتے ہیں۔ یہ بالعموم جسم پر کٹ یا چوٹ لگنے کے بعد بنتے ہیں۔ ان کی وجہ سے زخمی رگ بند ہو جاتی ہے اور بہتا خون رک جاتا ہے۔ یہ لوتھڑے زخم بھرنے اور جسم کو صحت یاب کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

بعض اوقات یہ لوتھڑے رگوں کے اندر بغیر کسی واضح وجہ کے بھی بن جاتے ہیں۔ یہ خود بخود تحلیل نہیں ہوتے لہٰذا علاج ضروری ہو جاتا ہے۔ اگر یہ ٹانگوں، پھیپھڑوں یا دماغ میں ہوں تو فوری طبی توجہ ناگزیر ہو جاتی ہے۔

وجوہات

خون کے لوتھڑے اس وقت بنتے ہیں جب خون میں موجود مادے گاڑھے ہو کر نیم ٹھوس شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ یہ عمل کسی چوٹ کے باعث شروع ہو سکتا ہے۔ تاہم کبھی کبھار یہ خون کی ان نالیوں میں بھی بن جاتے ہیں جہاں کوئی چوٹ نہیں لگی ہوتی۔ یہ لوتھڑے جسم کے دوسرے حصوں میں پہنچ کر نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

کئی عوامل اور بیماریاں ایسے خطرناک لوتھڑوں کا سبب بن سکتی ہیں۔ ان میں شامل ہیں:

٭ اینٹی فاسفولیپڈ سنڈروم (Antiphospholipid Syndrome)، ایک آٹو امیون ڈیزیز جس میں خون زیادہ آسانی سے جم سکتا ہے

٭ شریانوں میں جمی چربی (آرٹیروسکلروسِس / ایتھروسکلروسِس)

٭ کینسر

٭ کچھ ادویات، مثلاً مانع حمل گولیاں اور ہارمون تھیراپی کی دوائیں

٭ کووڈ-19

٭ ڈیپ وِین تھرومبوسس (ڈی وی ٹی)، ٹانگوں کی گہری رگوں میں خون کے لوتھڑے بننا

٭ فیکٹر V لائیڈن (خون جمنے کے عمل میں شامل ایک پروٹین)

٭ خون کے لوتھڑے بننے کی فیملی ہسٹری

٭ دل کی بے قاعدہ دھڑکن

٭ دل کا دورہ

٭ ہارٹ فیلیئر (ایسی حالت جس میں دل خون کو مؤثر انداز میں پمپ نہیں کرتا)

٭ موٹاپا

٭ پیریفرل آرٹری ڈیزیز (پی اے ڈی)

٭ پولی سائتھیمیا ویرا (خون کا ایک کینسر)

٭ حمل

٭ مسلسل بیٹھے رہنا یا بستر پر آرام کرنا

٭ پلمونری ایمبولزم (خون کا لوتھڑا پھیپھڑوں کی رگوں میں پھنس جانا)

٭ سگریٹ نوشی

٭ فالج

٭ سرجری

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

ان علامات صورتوں میں ایمرجنسی طبی امداد فوراً حاصل کریں:

٭ کھانسی کے ساتھ خون ملا بلغم آنا

٭ تیز دھڑکن

٭ چکر آنا یا کمزوری محسوس ہونا

٭ سانس لینے میں دشواری ہونا

٭ سینے میں درد یا جکڑن

٭ ایسا درد جو کندھے، بازو، کمر یا جبڑے تک پھیل جائے

٭ چہرے، بازو یا ٹانگ میں اچانک کمزوری یا ان کا سن ہونا

٭ بولنے میں اچانک دقت یا بات سمجھنے میں مشکل ہونا

اگر بازو یا ٹانگ کے کسی حصے میں یہ علامات ظاہر ہوں تو اپنے معالج سے رابطہ کریں:

٭ سوجن

٭ جلد کے رنگ میں تبدیلی، جیسے ٹانگ پر غیر معمولی سرخی یا نیلاہٹ

٭ گرمی محسوس ہونا

٭ درد

احتیاطی تدابیر

خون کے لوتھڑے بننے کے خطرے کو کم کرنے کے لیے یہ تدابیر اختیار کریں:

٭ لمبے وقت تک ایک ہی پوزیشن میں بیٹھنے سے گریز کریں۔ ہوائی جہاز میں سفر کے دوران بھی وقفے وقفے سے چہل قدمی کریں۔ لمبے سفر میں وقفہ لے کر چلیں پھریں

٭ حرکت میں رہیں۔ سرجری وغیرہ کے بعد جتنی جلدی ممکن ہو اٹھ کر چلنا شروع کریں

٭ سفر کے دوران پانی زیادہ پئیں۔ پانی کی کمی خون کے لوتھڑے بننے کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے

٭ طرزِ زندگی میں تبدیلی لائیں۔ وزن کم کریں، ہائی بلڈ پریشر قابو میں رکھیں، سگریٹ نوشی چھوڑیں اور باقاعدگی سے ورزش کریں

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

اسلام آباد کے ہسپتالوں میں عالمی معیار کے حفاظتی اصول لاگو

Read Next

پاکستان میں طبی عملے پر تشدد میں تین گنا اضافہ

Leave a Reply

Most Popular