وفاقی حکومت نے بچوں کو 12 بیماریوں سے تحفظ دینے کے لیے نئی ویکسینیشن مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا اعلان وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وفاقی ڈائریکٹوریٹ آف امیونائزیشن کے ایک اہم اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں ویکسی نیشن پروگرام کی پیش رفت اور درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر صحت نے کہا کہ 12 بیماریوں سے بچاؤ کے لیے ویکسی نیشن مہم بہت اہم ہے۔ اسے مؤثر بنانے کے لیے آگاہی مہم بھی شروع کی جائے گی۔ ملک گیر سطح پر اس قومی منصوبے کا باضابطہ آغاز جلد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ویکسینیشن پروگرام میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔
انہوں نے والدین پر زور دیا کہ بچوں کو بر وقت حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔ اس میں سستی کرنا ان کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ بعض والدین جانتے بوجھتے ویکسین سے انکار کر دیتے ہیں۔ انہیں چاہیے کہ اپنے بچوں سے دشمنی نہ کریں، بلکہ انہیں قریبی مرکز صحت لے جا کر حفاظتی ٹیکے لگوائیں۔