راولپنڈی میں شفا انٹرنیشنل کے میڈیکل کیمپس سیلاب متاثرین کے لیے امید کی کرن بن گئے۔ یہ کیمپس 22 سے 24 جولائی تک فوجی کالونی، نیو چاکرہ اور چکری کے علاقوں میں لگائے گئے۔ ان میں تقریباً 1000 متاثرین کو مفت طبی سہولت فراہم کی گئی۔
کیمپس میں ماہر امراضِ اطفال، میڈیکل اسپیشلسٹ اور ایمرجنسی ڈاکٹرز نے خدمات انجام دیں۔ نرسنگ، فارمیسی اور دیگر معاون عملہ بھی متحرک رہا۔ مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
اس اقدام کا مقصد سیلاب کے بعد پھیلنے والی بیماریوں سے متاثرہ افراد کو تحفظ دینا تھا۔ غیر محفوظ پانی سے ہونے والی بیماریوں، جلدی امراض، آنکھوں اور سانس کی تکالیف پر خاص طور پر توجہ دی گئی۔
مقامی افراد نے شفا انٹرنیشنل کے میڈیکل کیمپس کو بروقت اور قابلِ تحسین قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سہولت ان کے لیے ایک بڑی مدد ثابت ہوئی ہے۔
شفا انٹرنیشنل کے ترجمان نے کہا کہ ہسپتال مشکل وقت میں انسانیت کے جذبے سے خدمت جاری رکھے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔