ماہرین کے مطابق ادھیڑ عمر خواتین میں غصہ بڑھ جاتا ہے، تاہم اس کے اظہار میں کمی آ جاتی ہے۔ یہ بات معروف طبی جریدے ”مینوپاز” میں شائع ایک تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
سٹڈی میں 35 سے 55 سال کی 271 خواتین کو شامل کیا گیا۔ ان کے رویوں اور جسمانی تبدیلیوں کا کئی سال تک جائزہ لیا گیا۔ زیادہ تر شرکاء تعلیم یافتہ، برسرِ روزگار، اور شادی شدہ تھیں۔ سٹڈی کے آغاز میں شرکاء کی اوسط عمر 41.6 سال ریکارڈ کی گئی۔
محققین نے بتایا کہ تولیدی عمر کے آخری مرحلے میں خواتین زیادہ غصہ محسوس کرتی ہیں۔ جیسے جیسے وہ مینوپاز کے قریب پہنچتی ہیں، ویسے ویسے وہ اس کا اظہار کم کرنے لگتی ہیں۔ یہ رجحان جذباتی ڈسپلن میں بہتری کی نشانی ہو سکتا ہے۔ درمیانی عمر کی خواتین اندرونی جذبات کو سنبھالنے کے بہتر طریقے اختیار کرتی ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ ادھیڑ عمر خواتین غصے کو مسلسل دباتی ہیں۔ ماہرین نے اس رجحان کو خطرناک قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق ایسا کرنا ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس مرحلے پر انہیں جذباتی معاونت کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ اس حوالے سے پالیسی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے۔