Vinkmag ad

پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ

پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ- شفا نیوز

پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ (abdominal ultrasound) ایک امیجنگ ٹیسٹ ہے جس میں پیٹ کے اندرونی حصے کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ جسم کی بڑی شریان کے نچلے حصے میں پھیلاؤ کو ایبڈومنل ایورٹک اینیورزم کہا جاتا ہے۔ پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ اس کی جانچ کے لیے ترجیحی ٹیسٹ ہے، تاہم اسے دیگر مسائل کی تشخیص کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

طبی ماہرین ایسے مردوں کے لیے پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ تجویز کرتے ہیں جن کی عمر 65 سے 75 سال ہو، اور جو تمباکو نوشی کرتے ہوں یا پہلے کر چکے ہوں۔ یہ سکریننگ ان افراد کے لیے تجویز نہیں کی جاتی جنہوں نے کبھی تمباکو نوشی نہیں کی۔ تاہم، اگر علامات موجود ہوں یا خاندان میں ایورٹک اینیورزم کی ہسٹری ہو، تو یہ ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے۔

ٹیسٹ کیوں کیا جاتا ہے

پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ پیٹ کے اندر موجود خون کی شریانوں اور اعضاء کو دیکھنے کے لیے کیا جاتا ہے۔ اگر درج ذیل حصوں میں کسی بیماری کا شبہ ہو تو ڈاکٹر یہ ٹیسٹ تجویز کر سکتا ہے:

٭ پیٹ میں خون کی شریانیں

٭ پتہ (گال بلیڈر)

٭ آنتیں

٭ گردے

٭ جگر

٭ لبلبہ (پنکریاز)

٭ تلی (سپلین)

پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ پیٹ درد یا اپھارے کی وجہ معلوم کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اس ٹیسٹ سے ان مسائل کا بھی پتا چل سکتا ہے:

٭ گردے میں پتھری

٭ جگر کی بیماریاں

٭ گلٹیاں، رسولیاں اور کئی دیگر کیفیات 

٭ ایورٹک اینیورزم

ایورٹک اینیورزم کی سکریننگ

پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ- شفا نیوز

سکریننگ سے مراد ایسے افراد میں بیماری کی تلاش ہے جن میں ابھی علامات ظاہر نہ ہوئی ہوں۔ ایورٹک اینیورزم کے لیے پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ سب سے عام سکریننگ ٹیسٹ ہے۔ اگر تشخیص جلد ہو جائے تو بروقت علاج یا نگرانی کے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ اگر ایورٹک اینیورزم پھٹ جائے تو تیزی سے خون بہنے کی وجہ سے موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

٭ ایسے مردوں کے لیے ایک بار پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ کروانا تجویز کیا جاتا ہے جن کی عمر 65 سے 75 سال ہو اور جنہوں نے زندگی میں کم از کم 100 سگریٹ پیے ہوں۔

٭ یہ اسکریننگ ان مردوں کے لیے بھی تجویز کی جاتی ہے جن کی عمر 60 سال یا اس سے زیادہ ہو، اور جن کے والدین یا بہن بھائی کو ایورٹک اینیورزم رہا ہو۔ تاہم، یہ واضح نہیں کہ وہ مرد جنہوں نے کبھی تمباکو نوشی نہیں کی، ان کے لیے یہ سکریننگ مفید ہے یا نہیں۔

٭ خواتین کے لیے بالعموم پیٹ کے ایورٹک اینیورزم کی سکریننگ تجویز نہیں کی جاتی۔

خطرے کے عوامل 

پیٹ کا الٹرا ساؤنڈ ایک محفوظ پروسیجر ہے، اور اب تک اس سے متعلق کسی خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ البتہ ڈاکٹر کسی حساس یا تکلیف دہ حصے پر دباؤ ڈالے تو عارضی بے آرامی ہو سکتی ہے۔

تیاری کیسے کریں

ڈاکٹر یا ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کا عملہ بتاتا ہے کہ آپ کو اس سلسلے میں کیا تیاری کرنی ہے۔

زیادہ تر صورتوں میں 8 سے 12 گھنٹے پہلے کھانے پینے سے پرہیز کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اس کا مقصد پیٹ میں گیس بننے سے روکنا ہے، جو الٹرا ساؤنڈ کے نتائج کو متاثر کر سکتی ہے۔ عملے سے پوچھیں کہ کیا ٹیسٹ سے پہلے پانی پینا درست ہے۔ جب تک خاص طور پر نہ کہا جائے، کوئی دوا بند نہ کریں۔

الٹرا ساؤنڈ کے مراحل

پروسیجر سے پہلے

پیٹ کے الٹرا ساؤنڈ سے پہلے، آپ کو درج ذیل کام کام کرنے کو کہا جا سکتا ہے:

٭ ہسپتال کا گاؤن پہننا

٭ زیورات اتارنا

٭ قیمتی اشیاء کو ٹیسٹ روم کے قریب لاکر میں رکھنا

پروسیجر کے دوران

٭ پیٹ کے الٹرا ساؤنڈ کے لیے آپ کو ایک ٹیبل پر سیدھا لٹایا جاتا ہے۔ عملے کا ایک فرد آپ کے پیٹ پر خاص جیل لگاتا ہے۔ یہ جیل ڈیوائس کو بہتر تصاویر بنانے میں مدد دیتا ہے

٭ ہیلتھ کیئر پروفیشنل ڈیوائس کو نرمی سے پیٹ پر دباتے ہوئے اِدھر اُدھر حرکت دیتا ہے۔ یہ ڈیوائس کمپیوٹر کو سگنل بھیجتی ہے۔ اس سے دیکھا جا سکتا ہے کہ پیٹ میں خون کی روانی کیسے ہو رہی ہے

٭ معائنہ مکمل ہونے میں تقریباً 30 منٹ لگتے ہیں

پروسیجر کے بعد 

پیٹ کے الٹرا ساؤنڈ کے فوراً بعد آپ معمول کی سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں۔

رزلٹ اور علاج

پیٹ کے الٹرا ساؤنڈ کے بعد ہیلتھ کیئر پروفیشنل آپ کو رزلٹس بتائے گا۔ اگر الٹرا ساؤنڈ میں اینیورزم نہ ملے تو عام طور پر مزید سکریننگ کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اگر یہ ٹیسٹ کسی اور طبی مسئلے کو جانچنے کے لیے کیا گیا ہو، تو مزید ٹیسٹ تجویز کیے جا سکتے ہیں۔

 اگر ٹیسٹ میں ایورٹک اینیورزم یا کوئی اور طبی مسئلہ سامنے آئے تو اس کی روشنی میں ٹریٹمنٹ پلان بنایا جاتا ہے۔ پیٹ کے ایورٹک اینیورزم کا علاج بالعموم طبی معائنے، محتاط نگرانی یا سرجری پر مشتمل ہوتا ہے۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

زیادہ کھانے کی ایک وجہ: پلیٹ کا سائز؟

Read Next

مرحوم صحافی خاتون کی آنکھوں سے دو زندگیاں روشن

Leave a Reply

Most Popular