بازو میں درد (Arm pain) کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔ ان میں جوڑوں کا گھس جانا (wear and tear)، ان کا زیادہ استعمال، بازو پر چوٹ لگنا، نرو دبنا، اور بعض بیماریاں یا طبی کیفیات شامل ہیں۔ ان میں آرتھرائٹس (rheumatoid arthritis) یا فائبرو مایالجیا (fibromyalgia) نمایاں ہیں۔ درد کبھی اچانک شروع ہوتا ہے، اور کبھی آہستہ آہستہ بڑھتا ہے۔
یہ درد پٹھوں، ہڈیوں، ٹینڈنز (tendons)، رباطوں (ligaments) اور اعصاب کے مسائل کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔ اس کا تعلق کندھے، کہنی یا کلائی کے جوڑوں سے بھی ہو سکتا ہے۔ بعض اوقات یہ گردن یا ریڑھ کی ہڈی کے اوپر والے حصے میں کسی مسئلے کا نتیجہ ہوتا ہے۔ اگر درد، خاص طور پر بائیں بازو میں پھیل رہا ہو، تو یہ ہارٹ اٹیک کی علامت ہو سکتا ہے۔
فوری طبی امداد
اگر درج ذیل علامات ہوں تو فوراً طبی امداد حاصل کریں یا ہسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں رابطہ کریں:
٭ بازو، کندھے یا کمر میں ایسا درد ہو جو اچانک شروع ہو، شدید ہو، یا سینے میں دباؤ، بھرے پن کے احساس یا جکڑن کے ساتھ ہو
٭ بازو، کندھے یا کلائی کا زاویہ غیر معمولی ہو، یا ہڈی نظر آ رہی ہو، خاص طور پر اگر خون بہہ رہا ہو یا کوئی ظاہری چوٹ ہو
ڈاکٹر سے رابطہ
ڈاکٹر سے فوراً رجوع کریں اگر:
٭ بازو، کندھے یا کمر میں ایسا درد ہو جو کسی جسمانی سرگرمی کے دوران ہو، اور آرام کرنے سے بہتر ہو جائے
٭ بازو پر اچانک چوٹ لگی ہو، خاص طور پر اگر کچھ ٹوٹنے یا چٹخنے کی آواز آئی ہو
٭ بازو میں شدید درد اور سوجن ہو
٭ بازو کو عام طور پر حرکت دینے میں دشواری ہو، یا ہتھیلی کا رخ اوپر سے نیچے اور پھر دوبارہ اوپر کرنے میں مشکل ہو
ڈاکٹر سے وقت لے کر ملاقات کریں اگر:
٭ بازو کا درد سیلف کیئر سے بہتر نہ ہو رہا ہو
٭ زخمی جگہ پر سرخی، سوجن یا درد مسلسل بڑھ رہا ہو
سیلف کیئر
بازو کی بعض چوٹوں کی صورت میں، طبی امداد ملنے تک گھر میں ابتدائی دیکھ بھال شروع کی جا سکتی ہے۔ اگر شک ہو کہ بازو یا کلائی کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے، تو بازو کو اسی حالت میں باندھ دیں تاکہ وہ حرکت نہ کرے۔ چوٹ والے حصے پر برف رکھنے سے سوجن میں کمی آ سکتی ہے۔
اگر آپ کو اعصاب کے دبنے، کھچاؤ، یا بار بار کی جانے والی (repetitive) سرگرمی سے چوٹ لگی ہو، تو معالج کی ہدایات پر باقاعدگی سے عمل کریں۔ ان میں فزیوتھیراپی، کچھ حرکات سے پرہیز، مخصوص ورزشیں، درست جسمانی حالت (posture) برقرار رکھنا، یا بریس اور لچک دار پٹی کا استعمال شامل ہو سکتا ہے۔ مسلسل جسمانی مشقت کے دوران وقفہ لینا بھی مفید ہوتا ہے۔
بازو کے درد کی زیادہ تر اقسام میں خود بخود بہتری آ جاتی ہے، خاص طور پر اگر چوٹ لگنے کے فوراً بعد رائس (R.I.C.E) اصول پر عمل کیا جائے۔

رائس (R.I.C.E) اصول
آرام (Rest)
روزمرہ سرگرمیوں سے کچھ وقت کے لیے وقفہ لیں۔ بعد ازاں معالج کے مشورے سے ہلکی حرکت اور کھچاؤ والی ورزشیں (stretching exercises) شروع کریں۔
برف (Ice)
متاثرہ حصے پر آئس پیک یا فروزن مٹر کی تھیلی دن میں تین بار 15 سے 20 منٹ تک رکھیں۔
دباؤ (Compression)
لچک دار پٹی (stretchable bandage) استعمال کریں تاکہ سوجن کم ہو اور بازو کو سہارا ملے۔
اونچائی (Elevation)
اگر ممکن ہو تو بازو کو دل کی سطح سے اونچا رکھیں تاکہ سوجن میں کمی آئے۔
آپ بغیر نسخے کے دستیاب درد کم کرنے والی دوائیں استعمال کر سکتے ہیں۔ جلد پر لگانے کے لیے کریم، پیچ یا جیل بھی فائدہ دے سکتے ہیں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔
