Vinkmag ad

ٹخنے میں درد

ٹخنے میں درد- شفا نیوز

ٹخنے کا جوڑ مختلف ہڈیوں، لیگامینٹس، ٹینڈنز اور پٹھوں سے مل کر بنتا ہے۔ لیگامینٹس وہ سخت لیکن لچکدار ریشے ہیں جو ہڈیوں کو آپس میں جوڑتے ہیں۔ ٹینڈنز ایسے ریشے دار ٹشو ہیں جو پٹھوں کو ہڈیوں سے جوڑتے ہیں۔ یہ سب حصے مل کر ٹخنے کو حرکت دینے اور جسم کا وزن سنبھالنے میں مدد دیتے ہیں۔ اگر ان میں سے کسی حصے کو چوٹ لگے، سوجن ہو جائے یا کوئی بیماری ہو تو ٹخنے میں درد (Ankle pain) ہو سکتا ہے۔

یہ درد اندرونی یا بیرونی طرف محسوس ہو سکتا ہے۔ بعض صورتوں میں درد پنڈلی کے نچلے پچھلے حصے میں بھی ہو سکتا ہے، جہاں اکیلیز ٹینڈن (Achilles tendon) واقع ہوتا ہے۔ یہ ٹینڈن پنڈلی کے عضلات کو ایڑی کی ہڈی سے جوڑتا ہے۔ اس میں تناؤ یا سوزش کی صورت میں درد ہو سکتا ہے۔

ہلکی نوعیت کا ٹخنے کا درد اکثر گھریلو علاج سے بہتر ہو جاتا ہے، تاہم اس کے لیے مکمل آرام اور وقت درکار ہوتا ہے۔ اگر درد شدید ہو، خاص طور پر چوٹ کے بعد، تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہوتا ہے۔

فوری طبی امداد

فوری طبی مدد حاصل کریں اگر:

٭ چوٹ کے بعد شدید درد یا سوجن ہو

٭ درد وقت کے ساتھ بڑھتا جائے

٭ زخم کھلا ہو (یعنی جلد پھٹ گئی ہو اور اندرونی ٹشو نظر آ رہا ہو)

٭ ٹخنہ بگڑا ہوا یا ٹیڑھا (deformed) دکھائی دے

٭ متاثرہ حصے میں جلد سرخ، گرم یا نرم محسوس ہو، یا بخار 100 فارن ہائیٹ (37.8 ڈگری سینٹی گریڈ)  سے زیادہ ہو

٭ پاؤں پر وزن ڈالنا ممکن نہ ہو

معمول کا طبی معائنہ

معمول کا طبی معائنہ کروائیں اگر:

٭ سوجن دو سے پانچ دن کے گھریلو علاج کے بعد بھی برقرار رہے

٭ درد کئی ہفتے گزرنے کے باوجود بہتر نہ ہو

سیلف کیئر

٭ مکمل آرام کریں اور ٹخنے پر وزن نہ ڈالیں

٭ دن میں تین بار 15 سے 20 منٹ تک برف لگائیں

٭ کمپریشن بینڈیج استعمال کریں۔ یہ خاص لچکدار پٹی ہے جو ٹخنے کے گرد لپیٹ کر سوجن کم کرنے اور سپورٹ دینے میں مدد دیتی ہے

٭ پاؤں کو دل کی سطح سے اونچا رکھیں تاکہ سوجن کم ہو

٭ درد کم کرنے کے لیے بغیر نسخے کے دستیاب دوائیں استعمال کی جا سکتی ہیں

علاج کے باوجود بھی ٹخنے میں کچھ سوجن، سختی یا ہلکا درد کئی ہفتوں تک باقی رہ سکتا ہے۔ علامات کا انحصار چوٹ کی نوعیت پر ہوتا ہے، اور یہ عام طور پر صبح یا جسمانی سرگرمی کے بعد زیادہ ظاہر ہوتی ہیں۔

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، خطرناک علاقوں میں سفر نہ کریں، این ڈی ایم اے

Read Next

بازو میں درد

Leave a Reply

Most Popular