ییل یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ کتابیں پڑھنے والے لوگ دوسروں کے مقابلے میں تقریباً دو سال زیادہ جیتے ہیں۔ یہ تحقیق 2016 میں "جرنل آف سوشل سائنس اینڈ میڈیسن” میں شائع ہوئی۔
تحقیق میں 50 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 3,635 افراد کو شامل کیا گیا۔ ماہرین نے ان افراد کا مشاہدہ 12 سال تک جاری رکھا۔ شرکاء کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا۔ پہلا گروپ کتابیں بالکل نہیں پڑھتا تھا۔ دوسرا گروپ ہفتے میں ساڑھے تین گھنٹے تک پڑھتا تھا۔ تیسرا گروپ اس سے زیادہ وقت پڑھنے والوں پر مشتمل تھا۔
نتائج کے مطابق کتابیں پڑھنے والے لوگ اوسطاً 23 ماہ زیادہ جیتے ہیں۔ روزانہ صرف 30 منٹ پڑھنے سے بھی موت کا خطرہ 20 فیصد کم ہو جاتا ہے۔ تحقیق کی قیادت ڈاکٹر بیکا آر لیوی نے کی۔ ان کا کہنا ہے کہ مطالعہ کتب کےعادی لوگ بہتر انداز سے زندگی گزارتے ہیں۔ کہانیوں کی کتابیں پڑھنے والے افراد دوسروں کے جذبات بہتر سمجھتے ہیں۔ ان کے سماجی تعلقات بھی مضبوط ہوتے ہیں۔
تحقیق سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ کتابیں پڑھنے والے لوگ بہتر فیصلے کرتے ہیں۔ وہ صحت کے بارے میں زیادہ باخبر ہوتے ہیں۔ وہ اچھی نیند لیتے ہیں اور سکرین ٹائم کم رکھتے ہیں۔ ان کا طرزِ زندگی مجموعی طور پر صحت مندانہ ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر روزانہ صرف آدھا گھنٹہ کتاب پڑھنے کی عادت اپنائی جائے، تو زندگی میں کم و بیش دو سال کا اضافہ ممکن ہے۔