ماہرین کا کہنا ہے کہ کریم اور چینی سے پاک کافی کا روزانہ استعمال دارزی عمر کا سبب بن سکتا ہے۔ یہ بات ٹفٹس یونیورسٹی بوسٹن کی ایک حالیہ تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
سٹڈی کے مطابق جو افراد روزانہ ایک سے دو کپ سادہ کافی پیتے ہیں، ان میں دل کی بیماریوں اور دیگر وجوہات سے موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ تحقیق 1999 سے 2018 کے دوران امریکہ میں کی گئی۔ اس میں 20 سال یا اس سے زائد عمر کے 46 ہزار افراد کی غذائی عادات کا ریکارڈ جمع کیا گیا۔ یہ ڈیٹا نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن ایگزامینیشن سروے کے تحت حاصل کیا گیا۔
نتائج کے مطابق روزانہ ایک کپ کافی پینے سے موت کا خطرہ 16 فیصد تک کم ہو سکتا ہے۔ اگر دو سے تین کپ روزانہ پیے جائیں تو یہ فائدہ کچھ اور بڑھ جاتا ہے۔ تاہم تین کپ سے زیادہ کافی پینے پر کوئی اضافی فائدہ نہیں ملا۔ کریم اور چینی سے پاک کافی کا استعمال زیادہ فائدہ مند ہے۔ چینی یا سیر شدہ چکنائی زیادہ شامل کرنے والوں میں اموات کا خطرہ کم نہیں ہوا۔
یہ نتائج ٹولین یونیورسٹی کی ایک پرانی تحقیق سے بھی مطابقت رکھتے ہیں۔ اس 10 سالہ سٹڈی میں دیکھا گیا کہ صبح کافی پینے والے افراد میں دل کی بیماری سے موت کا خطرہ 31 فیصد کم ہوتا ہے۔ کسی بھی وجہ سے جلد مرنے کا خطرہ بھی 16 فیصد کم ہوتا ہے۔