ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے باضابطہ نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس کے مطابق جو افراد یا ادارے لاپرواہی یا جان بوجھ کر ڈینگی یا ملیریا کے مچھر کی افزائش کا باعث بنیں گے، ان کے خلاف مقدمہ درج ہو گا۔ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی جرم ہے۔ اس کی سزا چھ ماہ سے دو سال قید اور جرمانہ ہو سکتی ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر احسان کا کہنا ہے کہ دکانوں، فیکٹریوں، ورکشاپس، شاپنگ مالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، سینما گھروں، تعلیمی اداروں، سرکاری و نجی اسپتالوں، زیر تعمیر عمارتوں، پلازوں، خالی پلاٹوں، دفاتر اور دیگر تجارتی مقامات کے مالکان کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ اس میں واضح کیا گیا ہے کہ زیر زمین یا اوور ہیڈ ٹینکوں کو ڈھانپ کر رکھنا لازم ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کچن کو صاف رکھیں، برتنوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔ پرانے ٹائروں، واٹر ڈسپنسرز اور کولرز کو ترتیب سے رکھیں اور روزانہ استعمال شدہ پانی کو ضائع کریں۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ان ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو متعلقہ کاروبار یا جائیداد کو سیل کر دیا جائے گا یا متعلقہ تھانے میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔