ہر شخص کو زندگی میں کبھی نہ کبھی پیٹ میں درد (abdominal pain) کا سامنا ضرور ہوتا ہے۔ اسے بیان کرنے کے لیے معدے کا درد (stomachache)، آنتوں کا درد (gut ache)، جو پیٹ کے نچلے حصے میں ہوتا ہے اور ناف کے آس پاس یا درمیانی حصے کا درد (bellyache) جیسی اصطلاحات بھی استعمال کی جاتی ہیں۔
پیٹ درد ہلکا بھی ہو سکتا ہے اور شدید بھی۔ یہ مسلسل بھی رہ سکتا ہے اور وقفے وقفے سے بھی ہو سکتا ہے۔ کبھی یہ قلیل مدتی ہوتا ہے، جسے "ایکیوٹ” کہا جاتا ہے۔ بعض اوقات یہ ہفتوں، مہینوں یا برسوں جاری رہتا ہے۔ اسے "کرونک” کہا جاتا ہے۔
اگر پیٹ میں شدید درد ہو جو حرکت کرنے پر مزید بڑھ جائے تو بلا تاخیر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ اگر درد کی وجہ سے آپ آرام دہ پوزیشن میں بیٹھ نہ پائیں تو بھی اس سے رابطہ کریں۔
ہنگامی صورت حال
اگر پیٹ کا درد بہت شدید ہو اور ان میں سے کوئی علامت موجود ہو تو بلا تاخیر طبی امداد حاصل کریں:
٭ حادثے یا جسمانی چوٹ کے بعد درد
٭ سینے میں دباؤ یا درد
بلا تاخیر ہسپتال جائیں
اگر آپ کو ان علامات کے ساتھ پیٹ کا شدید درد ہو تو کسی سے کہیں کہ وہ آپ کو فوری طور پر ہسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں لے جائے:
٭ شدید درد
٭ بخار
٭ پاخانے میں خون
٭ مسلسل متلی اور قے
٭ وزن میں کمی
٭ جلد کی رنگت تبدیل ہونا
٭ پیٹ کو چھونے پر شدید حساسیت
٭ پیٹ سوج جانا
ڈاکٹر سے ملیں
اگر پیٹ درد آپ کو پریشان کر رہا ہو یا چند دنوں سے زیادہ عرصے تک برقرار رہے تو ڈاکٹر سے وقت لیں۔
اس دوران، درد کم کرنے کے کچھ طریقے آزمائے جا سکتے ہیں۔ مثلاً، اگر درد بدہضمی کے ساتھ ہو تو مناسب مقدار میں پانی پئیں اور کھانا کم کھائیں۔ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر پین کلرز یا قبض کشا دوائیں استعمال نہ کریں۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔