عید الاضحیٰ کے بعد قربانی کا گوشت سنبھالنا بعض لوگوں کے لیے بڑا مسئلہ بن جاتا ہے۔ وہ سوشل میڈیا پر یہ سوال بھی پوچھ رہے ہیں کہ یہ فریج میں کتنے دن محفوظ رہ سکتا ہے؟
ماہرین صحت کے مطابق فریز کرنے سے گوشت میں بیکٹیریا کی افزائش رک جاتی ہے۔ تاہم پیکنگ غلط ہو یا فریزر بار بار کھلے، تو غذائیت متاثر ہو سکتی ہے۔ ان کا مشورہ ہے کہ گوشت کو چھوٹے اور پتلے پیکٹس میں رکھیں۔ ایک ساتھ زیادہ مقدار میں فریز نہ کریں۔
زینب غیور شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد کے ساتھ وابستہ ماہر غذائیات ہیں۔ ان کے مطابق قربانی کا گوشت اگر سرونگ سائز میں فریز کیا جائے تو غذائیت متاثر نہیں ہوتی۔ اگر فریزر بار بار کھلے یا بجلی چلی جائے تو ٹمپریچر ایک سا نہیں رہتا۔ اس سے گوشت کے اندرونی حصے متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس لیے گوشت فوراً پیک کریں اور فریزر بار بار نہ کھولیں۔ اس سے گوشت محفوظ اور غذائیت برقرار رہتی ہے۔
بی بی سی فوڈ کے مطابق اگر فریزر کا ٹمپریچر یکساں ہو تو قیمہ یا چھوٹے ٹکڑوں والا گوشت چار ماہ تک محفوظ رہتا ہے۔ سوسیجز دو ماہ کے اندر استعمال کر لینے چاہییں۔ مرغی کے ٹکڑے چھ سے نو ماہ محفوظ رہ سکتے ہیں۔ اسی طرح روسٹ کیا ہوا گوشت نو ماہ سے ایک سال تک ٹھیک رہتا ہے۔