Vinkmag ad

مکہ میں شدید گرمی، حجاج کو حفاطتی تدابیر کی ہدایت

مکہ میں شدید گرمی، حجاج کو حفاطتی تدابیر کی ہدایت- شفا نیوز

سعودی حکام کے مطابق حج کے دنوں میں مکہ میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے۔ پاکستان حج میڈیکل مشن (پی ایچ ایم ایم)  نے حجاج کرام کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

پی ایچ ایم ایم  کے سربراہ ڈاکٹر محمد شہیر جمال نے کہا ہے مکہ میں شدید گرمی سے لُو لگنے کا خدشہ ہے۔ اس لیے حجاج کرام خود کو محفوظ رکھنے پر خاص توجہ دیں۔ پانی زیادہ پیئیں، اور  او آر ایس استعمال کریں۔ ہر ممکن حد تک سایہ دار جگہوں پر رہیں۔ دھوپ سے بچاؤ کے لیے چھتری استعمال کریں۔ ان ہدایات پر عمل صرف احتیاطی اقدام نہیں، بلکہ جان بچانے کے لیے ضروری ہے۔

ڈاکٹر شہیر کے مطابق لو لگنے کی علامات میں پسینہ بند ہونا نمایاں ہے۔ اس کے علاوہ جلد خشک اور سرخ ہو جانا، متلی، پیاس، چکر آنا اور بے ہوشی بھی اس میں شامل ہیں۔ ایسی علامات ظاہر ہوں تو فوری طبی مدد حاصل کریں۔ اب تک 9,563 حجاج کرام ڈی ہائیڈریشن کے شکار ہوئے ہیں، تاہم کسی کے شدید متاثر ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

پی ایچ ایم ایم  کے مطابق 306 رکنی ٹیم 24 گھنٹے کام کر رہی ہے۔ اس میں ماہرین قلب، پھیپھڑا، جلد، ناک کان گلا، دانت، ریڈیالوجی، فزیوتھیراپی اور پبلک ہیلتھ کے ماہرین شامل ہیں۔ مکہ، مدینہ اور جدہ میں 12 ڈسپنسریاں جبکہ مکہ و مدینہ میں دو مکمل ہسپتال قائم کیے گئے ہیں۔ مریضوں کا ڈیٹا محفوظ رکھنے کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹم بھی فعال ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اب تک 78,000 سے زائد حجاج کرام کو مفت علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔ 171 سنگین مریضوں کو سعودی جرمن ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ان میں سے 19 اب بھی زیر علاج ہیں۔ اب تک 1,375 لیبارٹری ٹیسٹ، 677 ایکسرے، 144 الٹراساؤنڈ اور 886 معمولی سرجریاں کی جا چکی ہیں۔

Vinkmag ad

Read Previous

عید کی چھٹیوں میں موسم کیسا رہے گا؟

Read Next

پنجاب میں ویپ اور ای سگریٹ کی فروخت پر پابندی عائد

Leave a Reply

Most Popular