محکمہ موسمیات نے عید کی چھٹیوں کے دوران موسم سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ اس کے مطابق 7 سے 9 جون تک بعض بالائی علاقوں میں مزید بارش، گرج چمک اور ژالہ باری متوقع ہے۔ ان علاقوں میں دیر، سوات، چترال، کوہستان اور مانسہرہ شامل ہیں۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی سے کمزور ڈھانچوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ درخت، بجلی کے کھمبے، گاڑیاں اور سولر پینلز متاثر ہو سکتے ہیں۔ مسافروں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب عید کی چھٹیوں کے دوران میدانی علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ شدید گرمی کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے ہدایت دی ہے کہ پانی زیادہ پیا جائے، دھوپ سے بچا جائے اور ہلکے کپڑے پہنے جائیں۔ ہیٹ سٹروک سے بچاؤ کے لیے سایہ دار جگہوں پر رہنے کی ترغیب دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی تجویز دی ہے۔