نومولود بچوں کی جلد، خصوصاً چہرے اور گردن پر بعض اوقات چھوٹے چھوٹے دانے نکل آتے ہیں۔ اسے بے بی ایکنی (Baby acne) کہا جاتا ہے۔ نوزائیدہ بچوں میں یہ کیفیت عام ہے، اور بالعموم کوئی نشان چھوڑے بغیر خود ہی ختم ہو جاتی ہے۔ اسے شیر خوار بچوں کی ایکنی (infantile acne) یا نوزائیدہ بچوں کی ایکنی (neonatal acne) بھی کہتے ہیں۔
علامات
بے بی ایکنی میں چہرے، گردن، کمر یا سینے پر چھوٹے، سرخ دانے نکلتے ہیں۔ یہ دانے بچے کی پیدائش کے بعد دو سے چار ہفتوں میں نمودار ہوتے ہیں۔
کچھ بچوں کے چہروں پر چھوٹے دانے جیسے ابھار، یعنی میلیا (milia) بھی بنتے ہیں۔ میلیا چھوٹے چھوٹے سفید یا ہلکے پیلے دانے ہوتے ہیں۔ یہ عموماً چہرے پر، خاص طور پر آنکھوں کے آس پاس، ناک یا گالوں پر نمودار ہوتے ہیں۔ یہ دانے جلد کے اندر سخت محسوس ہوتے ہیں، مگر نہ درد کرتے ہیں اور نہ ہی خارش۔ یہ اس وقت بنتے ہیں جب جلد کے مردہ خلیے یا چکنائی (کیراٹِن) جلد کے اندر جمع ہو کر باہر نہیں نکل پاتے۔ میلیا نقصان دہ نہیں ہوتے اور اکثر چند ہفتوں میں خود ہی ختم ہو جاتے ہیں۔
میلیا سے ملتی جلتی ایک حالت کو بی سی پی (Benign Cephalic Pustulosis) کہتے ہیں، جسے این پی سی (Neonatal Cephalic Pustulosis) بھی کہا جاتا ہے۔ یہ نوزائیدہ بچوں کے چہرے پر چھوٹے سرخ دانوں کی صورت میں ظاہر ہوتی ہے۔ یہ دانے جلد پر موجود ایک قدرتی خمیر (yeast) کے خلاف جسم کے ہلکے ردعمل کی وجہ سے بنتے ہیں۔ یہ عام طور پر بےضرر ہوتے ہیں اور خود ہی ٹھیک ہو جاتے ہیں۔
ان میں سے کوئی بھی کیفیت اس بیکٹیریا سے نہیں ہوتی جو نوجوانوں اور بڑوں میں ایکنی کا باعث بنتے ہیں۔

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں
اگر آپ بچے کی جلد کے بارے میں فکرمند ہیں تو نوزائیدہ بچوں کے ڈاکٹر (نیونیٹالوجسٹ) یا بچوں کے ڈاکٹر (پیڈیاٹریشن) سے ملیں۔ ضرورت پڑنے پر وہ آپ کو ماہر امراض جلد (ڈرماٹالوجسٹ) کی طرف ریفر کر سکتا ہے۔
وجوہات
بے بی ایکنی ماں کے ان ہارمونز کی وجہ سے ہوتی ہے، جو حمل کے دوران بچے میں منتقل ہو جاتے ہیں۔
خطرے کے عوامل
بے بی ایکنی عام ہے۔ اس کیفیت کے لیے کوئی خطرے کے عوامل نہیں۔
تشخیص
بے بی ایکنی کو عام طور پر ظاہری شکل سے پہچانا جا سکتا ہے۔ کسی ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوتی۔
علاج
بے بی ایکنی اکثر چند ہفتوں یا مہینوں میں خود ہی ٹھیک ہو جاتی ہے۔ اگر دانوں میں گلٹیاں یا نشان نظر آئیں، یا حالت بہتر نہ ہو تو دوا کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔ کوئی بھی دوا استعمال کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔
سیلف کیئر

بے بی ایکنی کے دوران بچے کی جلد کی دیکھ بھال کے لیے ان مشوروں پر عمل مفید ثابت ہوتا ہے:
روزانہ چہرہ دھوئیں: ایک دن صرف گرم پانی اور دوسرے دن ہلکے، موئسچرائزنگ فیشیئل سوپ سے دھوئیں
چہرہ آہستگی سے خشک کریں: بچے کی جلد کو نرمی سے تھپتھپا کر خشک کریں
دانے نہ دبائیں، نہ رگڑیں: ایسا کرنے سے جلد پر خراش آ سکتی ہے یا انفیکشن ہو سکتا ہے
لوشن، مرہم یا تیل استعمال نہ کریں: یہ چیزیں انہیں بگاڑ سکتی ہیں
ڈاکٹر سے ملاقات کی تیاری
بچوں کا ڈاکٹر ایک شیڈول کے مطابق نوزائیدہ بچے کا معائنہ کرتا ہے۔ اگر آپ اس شیڈول پر عمل کر رہے ہیں تو اس سے جلد ہی ملاقات کا امکان ہے۔ اس میں آپ بچے کے اس مسئلے پر بھی بات کر سکتے ہیں۔
ڈاکٹر سے سوالات
بے بی ایکنی سے متعلق یہ سوالات پوچھے جا سکتے ہیں:
* کیا یہ حالت وقتی ہے یا دیرپا؟
* اس کے لیے کیا علاج دستیاب ہے؟
*جلد پر ان دانوں کی دیکھ بھال کے لیے کیا کریں؟
* کیا اس سے چہرے پر نشان پڑ سکتے ہیں؟
ڈاکٹر کے متوقع سوالات
بچے کی حالت کی شدت جاننے کے لیے آپ سے یہ سوالات ہو سکتے ہیں:
* کیا آپ کی فیملی ہسٹری میں شدید ایکنی موجود ہے؟
* کیا بچے کو ایسی میڈیسن تو نہیں دی گئی جو ایکنی کا باعث بن سکتی ہو، جیسے کورٹیکو سٹیرائیڈز یا آئیوڈین والی دوا وغیرہ؟
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

