امریکی ماہرین نے دماغی تھکن کی پیمائش کے لیے ایک نیا ای ٹیٹو تیار کر لیا ہے۔ یہ جدید آلہ چہرے پر لگایا جاتا ہے جو ذہنی دباؤ کا فوری اندازہ لگا لیتا ہے۔
یہ تحقیق یونیورسٹی آف ٹیکساس، آسٹن میں کی گئی، جس کی قیادت پروفیسر ننشو لو نے کی۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انسانی دماغ کی صلاحیت محدود ہے، اسی لیے ذہنی دباؤ آسانی سے بڑھ جاتا ہے۔
ای ٹیٹو دماغ کی برقی سرگرمی اور آنکھوں کی حرکت کا تجزیہ کرتا ہے۔ یہ آلہ ہلکا پھلکا اور جلد سے چپکنے والا ہے، جب کہ روایتی ہیڈ گیئر بھاری اور غیر آرام دہ ہوتے ہیں۔
تحقیقی ٹیم نے ای ٹیٹو چھ افراد پر آزمایا۔ انہیں یادداشت کا ایک مشکل ٹیسٹ دیا گیا۔ جیسے جیسے ٹیسٹ مشکل ہوتا گیا، دماغی سرگرمیوں میں تبدیلی دیکھی گئی۔ اس سے ذہنی بوجھ اور تھکن کا واضح پتا چلا۔
پروفیسر ننشو لو کا کہنا ہے کہ ہر شخص کے چہرے کی ساخت مختلف ہوتی ہے، اس لیے مخصوص پیمائش کے مطابق تیار کیا گیا ای ٹیٹو زیادہ مؤثر ہے۔
ماہرین کو امید ہے کہ دماغی تھکن کی پیمائش کے اس طریقے سے مستقبل میں مختلف پیشوں میں کام کرنے والے افراد کو ذہنی دباؤ سے بچایا جا سکے گا۔ یہ آلہ دماغی کارکردگی کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔