سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن (ایس ایچ سی سی) نے نجی ہسپتالوں میں زچگی کے غیر ضروری آپریشنز پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کمیشن کے مطابق سندھ میں صحت کی 65 فیصد خدمات نجی ہسپتال فراہم کرتے ہیں۔ ان میں بعض گائناکالوجسٹ اپنی سہولت یا آسانی کے لیے سی سیکشن کو طبی ضرورت پر ترجیح دیتی ہیں۔
ایس ایچ سی سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر احسن قوی نے کہا کہ اگر کسی خاتون کو اس کا شبہ ہو تو وہ شکایت درج کروا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کمیشن کا ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم 80 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ توقع ہے کہ وہ ایک سال میں مکمل ڈیجیٹلائز ہو جائے گا۔ اس نظام کے تحت ہسپتالوں کو مختلف امراض کا ڈیٹا فراہم کرنا ہو گا۔ اس سے حاملہ خواتین اور دیگر مریض علاج کے ضمن میں بہتر فیصلے کر سکیں گے۔
ان کے مطابق یہ اقدامات صحت کے معیار کو بہتر بنانے میں مدد گار ہوں گے۔ اس سے نجی ہسپتالوں میں زچگی کے غیر ضروری سی سیکشنز کی شرح کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔