چینی سائنس دانوں نے ایک نیا انفراریڈ کانٹیکٹ لینز تیار کیا ہے جس کی مدد سے اندھیرے میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ لینز آنکھیں بند ہونے پر بھی روشنی کے اشارے محسوس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اسے یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آف چائنا میں تیار کیا گیا ہے۔ تحقیق حال ہی میں معروف سائنسی جریدے ”سیل” میں شائع ہوئی ہے۔
پروفیسر تیان شوے اس تحقیق کی قیادت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بند آنکھوں سے سگنل مزید واضح محسوس ہوئے۔ انفراریڈ روشنی پپوٹوں سے زیادہ آسانی سے گزر جاتی ہے، جب کہ عام روشنی ایسا نہیں کر پاتی۔
ان لینز میں نینو ذرات استعمال ہوئے ہیں۔ انفراریڈ روشنی عام آنکھ کو نظر نہیں آتی، لیکن یہ ذرات اسے دیکھنے کے قابل بنا دیتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں نینو ذرات کو مختلف رنگوں میں روشنی خارج کرنے کے قابل بنایا جا سکے گا۔ اس سے انفراریڈ تصویر مزید واضح اور سمجھنے میں آسان ہو جائے گی۔ انفراریڈ کانٹیکٹ لینز کی ٹیکنالوجی کلر بلائینڈ افراد کے لیے بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ اگر سرخ روشنی کو سبز میں تبدیل کیا جائے تو وہ رنگ بھی دکھائی دے سکتے ہیں جو پہلے نظر نہیں آتے تھے۔