Vinkmag ad

بیکٹیریل وجائنوسس: خواتین کا ایک پوشیدہ مرض

بیکٹیریل وجائنوسس: خواتین کا ایک پوشیدہ مرض- شفا نیوز

بیکٹیریل وجائنوسس (Bacterial vaginosis) یا ”بی وی” خواتین کی ایک بیماری ہے جو شرمگاہ (vagina) میں جلن اور تکلیف پیدا کرتی ہے۔ اس کا تعلق وجائنا میں موجود بیکٹیریا کا توازن بگڑنے سے ہے۔

وجائنا میں اچھے اور برے، دونوں طرح کے بیکٹیریا ایک خاص تناسب میں موجود ہوتے ہیں۔ اچھے بیکٹیریا اسے  صحت مند رکھتے اور برے بیکٹیریا کو بڑھنے سے روکتے ہیں۔ بیکٹیریل وجائنوسس تب ہوتا ہے جب اچھے بیکٹیریا کم  اور برے بیکٹیریا تعداد میں زیادہ ہو جاتے ہیں۔

یہ بیماری تولیدی عمر کی خواتین میں زیادہ پائی جاتی ہے۔ اس کا سبب اس عمر میں ہارمونز کی تبدیلیاں ہیں، جن سے کچھ بیکٹیریا کو بھی بڑھنے کا موقع ملتا ہے۔ بیکٹیریل وجائنوسس جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماری (ایس ٹی ڈی) نہیں، تاہم غیر محفوظ جنسی تعلقات اور وجائنا کی صفائی کے لیے ڈوشنگ (douching) اس کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں۔

علامات

بیکٹیریل وجائنوسس کی علامات یہ ہیں: 

* شرمگاہ سے پتلا مادہ خارج ہونا جو سرمئی، سفید یا سبز ہو سکتا ہے

* بدبو آنا، جو اکثر مچھلی جیسی ہوتی ہے

* وجائنا میں خارش ہونا

* پیشاب کرتے وقت جلن محسوس ہونا

بعض خواتین کو بیکٹیریل وجائنوسس کی کوئی علامت محسوس نہیں ہوتی

ڈاکٹر سے کب رجوع کریں

اس مرض کا علاج امراض نسواں کی ماہر ڈاکٹر (گائناکالوجسٹ) کرتی ہے۔ ان صورتوں میں اس سے رجوع کریں:

* وجائنا سے نکلنے والے مادے کی بدبو غیر معمولی ہو، اور درد بھی ہو

* پہلے بھی وجائنا کے انفیکشن ہو چکے ہوں، لیکن اس بار مادہ مختلف محسوس ہو 

* آپ کا پارٹنر نیا ہو، اس لیے کہ بعض اوقات ”ایس ٹی آئی ” کی علامات اس مرض جیسی ہو سکتی ہیں

* آپ کو لگا  کہ یہ ییسٹ انفیکشن (Yeast Infection) ہے۔ اوور دی کاؤنٹر اور گھریلو علاج کے بعد بھی علامات باقی ہوں

وجوہات

وجائنوسس اُس وقت ہوتا ہے جب وجائنا میں موجود قدرتی بیکٹیریا کا توازن بگڑ جائے۔ یہ بیکٹیریا (جنہیں وجائنل فلورا کہا جاتا ہے) وجائنا کی صحت کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔ عام حالات میں اچھے بیکٹیریا (مثلاً لیکٹوبیسلی) زیادہ تعداد میں ہوتے ہیں۔ یہ ایسا تیزاب پیدا کرتے ہیں جو نقصان دہ جراثیم کو بڑھنے سے روکتا ہے۔ بر بیکٹیریا، جنہیں انیروبز (Anaerobes) کہا جاتا ہے، کم مقدار میں ہوتے ہیں۔ ان کی تعداد غیر معمولی طور پر بڑھ جانے سے توازن بگڑ جاتا ہے، اس کے نتیجے میں وجائنوسس ہو جاتا ہے۔

خطرے کے عوامل

بیکٹیریل وجائنوسس کے خطرے کو بڑھانے والے عوامل یہ ہیں:

نیا یا مختلف سیکس پارٹنر 

اگرچہ جنسمانی تعلق اور ”بی وی” کے درمیان تعلق پوری طرح واضح نہیں، لیکن جب کسی کے ایک سے زیادہ یا نئے جنسی ساتھی ہوں تو اس میں ”بی وی” کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ یہ خواتین ہم جنس پرستوں میں بھی زیادہ عام ہے۔

وجائنا کو دھونا (ڈوشنگ کرنا)

وجائنا خود کو صاف کر سکتی ہے،اس لیے صرف باہر کی صفائی ہلکے صابن اور پانی سے کرنی چاہیے۔ اندرونی صفائی (ڈوشنگ) سے پرہیز کرنا چاہیے تاکہ انفیکشن اور بیکٹیریا کے عدم توازن سے بچا جا سکے۔

مفید بیکٹیریا کی کمی

اگر وجائنا میں لیکٹوبیسلی بیکٹیریا مناسب مقدار میں نہیں بنتے تو بھی ”بی وی” ہو سکتا ہے۔ 

پیچیدگیاں

بیکٹیریل وجائنوسس عام طور پر زیادہ خطرناک نہیں ہوتا، لیکن بعض اوقات مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ ان میں سے کچھ یہ ہیں:

٭ اگر اس کا علاج نہ کیا جائے تو جنسی بیماریاں مثلاً ایچ آئی وی، ہرپس، کلیمائڈیا (chlamydia)  یا گونوریا (gonorrhea) لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے

٭ سرجری، خاص طور پر بچہ دانی کی سرجری یا ڈی اینڈ سی کے بعد انفیکشن کا امکان بڑھ سکتا ہے

٭ یہ رحم اور فیلوپین ٹیوبز کے انفیکشن (پیلوک انفلیمٹری ڈیزیز) کا سبب بن سکتا ہے، جو بانجھ پن کا خطرہ بڑھا دیتا ہے

٭ اگر خاتون حاملہ ہو تو بچے کی قبل از وقت پیدائش یا بچے کے کم وزن پیدا ہونے کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے اگر حمل کے دوران اس کی علامات ظاہر ہوں تو بلا تاخیر ڈاکٹر سے رجوع کریں

احتیاطی تدابیر

بیکٹیریل وجائنوسس سے بچاؤ کے لیے درج ذیل باتوں کا خیال رکھیں:

 بغیر خوشبو مصنوعات استعمال کریں

 خوشبودار صابن اور دیگر خوشبو دار چیزیں وجائنا کے ٹشوز کو خراش پہنچا سکتی ہیں۔ اس لیے صرف بغیر خوشبو والے پیڈ وغیرہ استعمال کریں۔ صفائی کے لیے صرف نیم گرم پانی سے وجائنا کو دھوئیں۔

ڈوشنگ نہ کریں

ڈوشنگ وجائنل فلورا کو متاثر کرتی اور انفیکشن کا خطرہ بڑھاتی ہے۔ معمول کی صفائی کے علاوہ وجائنا کو کسی اضافی صفائی کی ضرورت نہیں ہوتی۔ 

محفوظ جنسی تعلق اختیار کریں

جنسی طور پر منتقل ہونے والی بیماریوں سے بچنے کے لیے محفوظ طریقے استعمال کریں۔

تشخیص

بیکٹیریل وجائنوسس: خواتین کا ایک پوشیدہ مرض- شفا نیوز

بیکٹیریل وجائنوسس کی تشخیص کے لیے ڈاکٹر درج ذیل اقدامات کر سکتی ہے:

 میڈیکل ہسٹری

ڈاکٹر اس سے پہلے ہونے والے وجائنا انفیکشن یا جنسی بیماریوں کے بارے میں پوچھ سکتی ہے۔

پیلوک معائنہ کرنا

وجائنا میں انفیکشن کی علامات دیکھی جاتی ہیں۔ اندرونی حصے کا جائزہ بھی لیا جاتا ہے 

وجائنا کے مواد کا نمونہ لیا جاتا ہے تاکہ اسے "clue cells” کے لیے ٹیسٹ کیا جا سکے۔ یہ وجائنا کی اندرونی تہہ کے خلیے ہیں جن کے ساتھ بیکٹیریا چپکے ہوتے ہیں۔

وجائنا کے پی ایچ کی جانچ

بیکٹیریل وجائنوسس: خواتین کا ایک پوشیدہ مرض- شفا نیوز

وجائنا کی تیزابیت کو پی ایچ سٹرپ کے ذریعے جانچا جاتا ہے۔ اگر اس کی سطح 4.5 یا اس سے زیادہ ہو تو یہ بیکٹیریئل ویجائنوسس کی ممکنہ علامت ہو سکتی ہے۔

علاج

بیکٹیریل وجائنوسس کا علاج مختلف طرح کی دواؤں سے کیا جاتا ہے۔ ان کی تفصیل یہ ہے:

گولی یا جیل 

کچھ دوائیں منہ سے لی جاتی ہیں یا وجائنا میں لگائی جاتی ہیں۔ ان  کے استعمال کے دوران اور ایک دن بعد تک شراب نوشی سے پرہیز ضروری ہے، کیونکہ یہ معدے میں درد، متلی یا قے پیدا کر سکتی ہے۔ 

کریم یا سپوزٹری

سپوزٹری (Suppository) ایک خاص قسم کی دوا ہے جو وجائنا میں رکھی جاتی ہے۔ یہ جسم کی گرمی سے پگھل کر جذب ہو جاتی ہے۔ یہ دوا جنسی تعلق کے دوران لیٹیکس کنڈوم کو کمزور کر سکتی ہے۔ اس لیے علاج کے دوران اور کم از کم تین دن بعد تک جنسی تعلق سے پرہیز کریں یا کوئی متبادل مانع حمل طریقہ اپنائیں۔

کھانے والی دوا

یہ دوا معدے پر اثر ڈال سکتی ہے اور پیٹ خراب کر سکتی ہے۔ اس کے دوران اور تین دن بعد تک شراب نوشی سے گریز کرنا ضروری ہے۔

پاؤڈر کی شکل میں دوا

یہ دانے دار پاؤڈر کی شکل میں ہوتی ہے جسے نرم غذا جیسے سیب کی چٹنی، دہی یا پڈنگ پر چھڑک کر کھایا جاتا ہے۔ اس پاؤڈر کو چبانا نہیں چاہیے۔ اسے تیاری کے 30 منٹ کے اندر کھا لینا ضروری ہوتا ہے۔

جنسی ساتھی کا علاج

عام طور پر اس مرض کی شکار خاتون کے مرد جنسی ساتھی کو علاج کی ضرورت نہیں ہوتی، تاہم بیکٹیریئل وجائنوسس خواتین جنسی ساتھی کو منتقل ہو سکتی ہے۔ اگر خاتون ساتھی کو علامات محسوس ہوں تو اسے ٹیسٹ کروانا چاہیے۔ 

علاج مکمل کریں

بیکٹیریل وجائنوسس: خواتین کا ایک پوشیدہ مرض- شفا نیوز

اگر علامات ختم ہو جائیں تو بھی اپنی دوا یا کریم/ جیل ڈاکٹر کے بتائے گئے وقت تک استعمال کریں۔ وقت سے پہلے علاج روکنے سے مرض دوبارہ ہو سکتا ہے۔ اسے دوبارہ ہونے والی بیکٹیریئل وجائنوسس کہا جاتا ہے۔

مرض دوبارہ ہونا

صحیح علاج کے باوجود بیکٹیریل وجائنوسس کا 3 سے 12 ماہ کے اندر دوبارہ ہونا عام بات ہے۔ اگر علاج کے فوراً بعد علامات  دوبارہ شروع ہو جائیں، تو ڈاکٹر سے بات کریں۔ ہو سکتا ہے کہ وہ کچھ دواؤں کو طویل مدت تک استعمال کا مشورہ دے۔ 

پروبائیوٹکس سے کچھ فائدہ ہو سکتا ہے، لیکن اس بارے میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ اسے بالعموم بطور علاج تجویز نہیں کیا جاتا۔

ڈاکٹر سے ملاقات کی تیاری

کوشش کریں کہ اپوائنٹمنٹ ایسے دن رکھیں جب آپ کو حیض نہ ہو۔ ماہواری کے دوران خون آنے سے ڈاکٹر کو وجائنل ڈسچارج کا جائزہ لینے میں دشواری ہو سکتی ہے۔ ملاقات سے 24 گھنٹے پہلے ٹیمپون یا وجائنل سپرے استعمال نہ کریں، نہ ہی ڈوش کریں یا جنسی تعلق قائم کریں۔ ٹیمپون ایک نرم، جذب کرنے والا روئی کا گول سا ٹکڑا ہے جو ماہواری کے دوران وجائنا میں رکھا جاتا ہے۔

آپ کیا کر سکتے ہیں

ڈاکٹر کے ساتھ ملاقات کو مؤثر بنانے کے لیے یہ نکات مددگار ہو سکتے ہیں:

* اپنی تمام علامات لکھ لیں، چاہے وہ آپ کو غیر متعلق ہی کیوں نہ لگیں

* اپنی تمام دواؤں اور سپلیمنٹس کی فہرست بنائیں، جن میں وٹامنز اور ہربل وٹامنز بھی شامل ہوں۔ یہ بھی لکھیں کہ آپ انہیں کتنی بار اور کتنی مقدار میں لیتی ہیں

 *  نوٹس لینے کے لیے اپنے ساتھ نوٹ بک یا کوئی ڈیوائس رکھیں تاکہ اہم باتیں یاد رکھ سکیں

 * سوالات پہلے سے تیار کرلیں، اور سب سے اہم سوالات اوپر رکھیں

ڈاکٹر سے سوالات 

*  بیکٹیریئل وجائنوسس سے بچنے کے لیے میں کیا کر سکتی ہوں؟

*  کن علامات کو سنجیدہ لینا چاہیے؟

*  کیا دوا لینا ضروری ہے؟

*  کیا میرے جنسی ساتھی کا بھی ٹیسٹ ہونا چاہیے؟

*  کیا میڈیسن سے متعلق کچھ خاص ہدایات ہیں؟

*  کیا بغیر نسخے کے کوئی دوا دستیاب ہے؟

*  اگر علامات دوبارہ نمودار ہوں تو کیا کرنا ہو گا؟

٭ اگر کوئی بات واضح نہ ہو تو بلاجھجک پوچھیں۔ 

ڈاکٹرکے سوالات 

ڈاکٹر درج ذیل سوالات پوچھ سکتا ہے، ان کے لیے تیار رہیں:

*  آپ کو کون سی علامات محسوس ہو رہی ہیں؟

* یہ علامات کتنے عرصے سے ہیں؟

*  کیا آپ کو وجائنا سے تیز بو محسوس ہوتی ہے؟

*  کیا آپ کا پہلے کبھی وجائنا انفیکشن کا علاج ہوا؟

*  کیا آپ نے ازخود  کوئی دوا یا پروڈکٹ استعمال کی ہے؟

*  کیا آپ نے حال ہی میں کسی وجہ سے اینٹی بائیوٹک لیا ہے؟

*  کیا آپ جنسی طور پر فعال ہیں؟

* کیا آپ حاملہ ہیں؟

* کیا آپ خوشبودار صابن یا ببل باتھ استعمال کرتی ہیں؟ (ببل باتھ خوشبودار مائع ہے جو بلبلے یا جھاگ بنانے کے لیے نہانے کے پانی میں ملایا جاتا ہے) 

*  کیا آپ ڈوشنگ کرتی ہیں یا کسی نسوانی صفائی کے سپرے کا استعمال کرتی ہیں؟

نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کے لیے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔

Vinkmag ad

Read Previous

دماغی رسولی کا نیا ٹیسٹ گیم چینجر ثابت ہونے کا امکان، ماہرین

Read Next

جعلی ادویات کی موجودگی پر ڈریپ کا ہنگامی الرٹ جاری

Leave a Reply

Most Popular