پنجاب میں آفات سے نپٹنے کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) نے عیدالاضحیٰ سے قبل ہیٹ ویو کے بارے میں انتباہ جاری کیا ہے۔ ادارے کے مطابق مویشی منڈیوں میں شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 20 سے 24 مئی تک ملک کے میدانی علاقے شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہیں گے۔ سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں دن کا ٹمپریچر معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ جانوروں کے لیے سایہ دار شامیانے اور ویٹرنری مراکز فوری قائم کیے جائیں۔ منڈیوں کے داخلی و خارجی راستوں پر ہیٹ ویو سے متعلق ہدایات پر مبنی بینرز آویزاں کیے جائیں۔ لاؤڈ سپیکر کے ذریعے لوگوں کو سایہ دار جگہوں پر رہنے کی ہدایت کی جائے۔ انہیں پانی پینے اور کسی بھی ایمرجنسی کی فوری اطلاع دینے کا پیغام دیا جائے۔
حکومت نے واٹر سپرنکلرز، مِسٹ فینز لگانے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ موبائل میڈیکل ٹیمیں اور ریسکیو 1122 کی سروس بھی منڈیوں میں تعینات کی جائے گی۔
ملک بھر میں لوگوں کی بڑی تعداد قربانی کے جانور خریدنے کے لیے مویشی منڈیوں کا رخ کر رہی ہے۔