برطانیہ کی 115 سالہ ایتھل کیٹرم دنیا کی معمر ترین زندہ خاتون قرار پا گئی ہیں۔ ان سے قبل طویل العمر ترین خاتون برازیل کی 116 سالہ راہبہ اینا کینابارو لوکاس تھیں جو 30 اپریل 2025 کو انتقال کر گئیں۔ ان کے بعد گنیز ورلڈ ریکارڈز نے ایتھل کیٹرم کو معمر ترین زندہ خاتون قرار دیا۔
دنیا کی معمر ترین خاتون سرے، جنوبی مشرقی انگلینڈ کے نرسنگ ہوم میں مقیم ہیں۔ انہوں نے اپنی طویل عمر کے سات سادہ مگر مؤثر رازوں سے پردہ اٹھایا ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ کبھی کسی سے جھگڑا نہ کریں۔ دوسروں کی بات سنیں۔ اپنی پسند کی زندگی گزاریں۔ زندگی کی اونچ نیچ کو صبر سے قبول کریں۔ ہر موقع کو قبول کریں کیونکہ معلوم نہیں وہ آپ کو کہاں لے جائے گا۔ ہمیشہ مثبت ذہنی رویہ رکھیں۔ ہر چیز میں اعتدال اپنائیں۔ یہ باتیں انہوں نے مختلف انٹرویوز میں بتائیں، جن میں بی بی سی ریڈیو سرے، ایسوسی ایٹڈ پریس اور دیگر شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی اصول ان کی زندگی کا سہارا بنے۔
ایتھل کیٹرم 12 اگست 1909 کو شپٹن بیلنگر، ہیمپشائر، انگلینڈ میں پیدا ہوئیں۔ ان کی زندگی نہ صرف طویل بلکہ بھرپور تجربات سے بھی بھری پڑی ہے۔ ان کے اصول آج کی نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔