کراچی میں گرمی میں اضافہ فوڈ پوائزننگ سمیت دیگر بیماریوں میں بھی اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ اس کے مختلف اسباب میں سے ایک کھانے پینے کی چیزوں کا جلدی خراب ہونا ہے۔ کھلی جگہوں پر کاٹ کر رکھے گئے پھل بھی اس کی ایک اہم وجہ ہیں۔ بعض شہریوں نے شکایت کی کہ تربوز کھانے کے بعد وہ ہیضے اور فوڈ پوائزننگ کے شکار ہوئے۔
جناح ہسپتال کے ڈاکٹر عرفان صدیقی کے مطابق اس سال گیسٹرو انفیکشنز کے مریضوں میں 15 سے 20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ پھل فریز کرنے کی بجائے فریج میں رکھیں۔ پیٹ کی بیماریوں سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔ خاص طور پر اس بات کو یقینی بنائیں کہ پینے کا پانی صاف اور محفوط ہو۔
دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے کراچی اور سندھ میں درجہ حرارت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی ہے۔ گرمی میں اضافہ ہیٹ سٹروک سمیت متعدد مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔ اس لیے حکام نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر 11 بجے سے 4 بجے تک باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔